بانی پی ٹی آئی عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے، کارکنان تیاری کرلیں، علی امین گنڈاپور
ہم تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک قائد کی رہائی نہیں ہو جاتی، آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی،
کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کر دیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیٹ کر ایک سفید چادر سر پر لینی ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا
ہمارے ارکان پارلیمنٹ کو فسطائیت کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ نہیں ٹوٹے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قومی اسمبلی میں قائد خزب اختلاف عمر ایوب خان
ہم امریکا سے مدد کے طلب گار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے آئے گی باہر سے نہیں، چیئرمین پی ٹی بیرسٹر گوہر علی خان
کہ عمران خان کا قوم کے لیے پیغام ہے کہ اب اگر گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیئے جاؤگے،پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ
ضلع صوابی میں جلسہ عا م سے پی ٹی آئی رہنمائوں کا خطاب
صوابی (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے، کارکنان تیاری کرلیں۔ اب عمران خان کو رہا کئے بغیر واپس نہیں آئیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نومبر میں ہی حقیقی آزادی کی فائنل کال دیں گے۔ پھر ہم تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک قائد کی رہائی نہیں ہو جاتی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔علی امین گنڈاپور کا کہناتھا کہ میں ہمیشہ اپنے کارکنون کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں۔ پاکستان کو آزاد کرانے کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں۔ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی۔ اب ہمیں عمران خان کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دیے گئے ہر حکم پر تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اس کا حساب لیں گے۔ اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے اور اس بار فائنل کال کے بعد سردھڑ کی بازی لگا دیں گے اور عمران خان کو رہا کئے بغیر واپس نہیں آئیں گے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کر دیں۔ جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیٹ کر ایک سفید چادر سر پر لینی ہے۔ آخر میں انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ عمران خان کے ہر حکم پر عمل کریں گے اور ان کو رہا کروانے تک واپس نہیں جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا صوابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج جلسے میں ریفرنڈم ہوگیا۔ اب عمران خان کی رہائی بہت قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں لیکن میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم امریکا سے مدد کے طلب گار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے آئے گی باہر سے نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو باہر رکھ کر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں ہوسکتی۔ وہ ایک ہی بات کرتے ہیں کہ میں عوام کے حقوق کی خاطر جیل میں ہوں۔ عمران خان کو سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے لیکن انہوں نے کبھی بیمار ہونے کا شکوہ نہیں کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مرضی کی عدلیہ چاہتی ہے لیکن ہم عدلیہ کو آزاد کروا کر دم لیں گے۔پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں فسطائیت کا جو دور آج ہے تاریخ میں ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔ وقت آچکا ہے کہ ہم سب نے عمران خان کی کال پر یکجا ہو کر نکلنا ہے۔پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا قوم کے لیے پیغام ہے کہ اب اگر گھر سے نہیں نکلو گے تو کچل دیئے جاؤگے۔ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے اپنی نسلوں کے لیے کھڑا ہونا ہے۔ 26ویں ترمیم کا ایک ہی مقصد تھا کہ حکومت کی ایما پر عدالتیں قائم کریں۔ ہم سب کے لیے کھڑے ہیں۔ ہم نے باہر نکلنا ہے اور جبر کے قلعوں کو پاش پاش کردیں گے۔ آپ نے ساتھ دینا ہے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جلسہ کے دوران عمران خان کی رہائی کے نعرے بھی لگوا ئے جس کا عوام کی جانب سے بھی بھرپور جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار ہوں گے نہ ہی کسی کے دھونس و دھمکی میں آئیں گے۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ ہمارا چھینا گیا مینڈیٹ ہمیں واپس کیا جائے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ کو فسطائیت کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ نہیں ٹوٹے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم تیار رہے اب جو بھی کال دی جائے گی سر پر کفن باندھ کر نکلنا ہے۔پاکستان میں آج مہنگائی کا جو سلسلہ چل رہا ہے اور جو فسطائیت کا بازار گرم ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے ساتھ پی ٹی آئی کا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا۔ شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ ہم ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد ہمیں فسطائیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس دوران ہمارے ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ فیکٹریاں بند کی گئیں مگر وہ پھر بھی ڈٹے رہے۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج کی کال کوئی فائنل کال نہیں۔ کئی کالیں دی جائیں گی۔ یہ نہیں معلوم کہ کون سی کال فائنل ہوگی لیکن یہ ہمارا کارکنوں سے وعدہ ہے کہ ہر قدم پر ہم آپ کے ساتھ ہوں گے۔