دھرنے کے مقام کیلئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات جاری
ایاز صادق کی منسٹر انکلیو میں قائم رہائش گاہ پر مذاکرات، حکومتی وفد میں محسن نقوی، رانا ثنا اور دیگر شامل
مذکرات بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے عین مطابق ہوں گے،رہائی تک احتجاج جاری رہیگا، شبلی فراز

اسلام آباد (ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان دھرنے کے مقام کے حوالے سے مذاکرات شروع ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طرف بشری بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں احتجاجی قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوچکا ہے تو دوسری جانب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جلسے کے مقام کے تعین کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔حکومت کی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیر داخلہ محسن نقوی، امیر مقام اور رانا ثنا اللہ شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے وفد میں اسد قیصر اور شبلی فراز شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کمیٹی کے درمیان مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی کی منسٹر انکلیو میں قائم رہائش گاہ پر ہورہے ہیں۔مذاکرات میں متفقہ طور پر دھرنا پوائنٹ فائنل کیا جائے گا، ممکنہ طور پر پشاور موڑ کو دھرنا پوائنٹ ڈکلیئر کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنا پوائنٹ ڈکلئیر ہونے کے بعد حکومت مظاہرین کی راہ میں رکاوٹیں نہیں کھڑی کرے گی۔ مظاہرین بھی پشاور موڑ سے آگے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی نہیں کریں گے۔ دوسری جانب شبلی فراز نے مذاکراتی عمل کا حصہ نہ ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ میں بذات خود مذکراتی عمل میں شامل نہیں اور بیرسٹرگوہر اور اسدقیصر سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مذکرات ہوں گے بانی پی ٹی آئی کی تازہ ہدایات کے عین مطابق ہوں گے، اس کے لیے کسی بھی سطح پر کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ شبلی فراز نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا پرامن احتجاج بانی کی رہائی تک جاری رہے گا۔

میری بانی پی ٹی آئی سے  ملاقات ہوئی،احتجاج کی کال فائنل ہے،بیرسٹرگوہر

مذاکرات چل رہے ہیں،احتجا ج کال آف والی بات نہیں ،میڈیا سے گفتگو
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال فائنل ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ جو مذاکرات چل رہے ہیں اس کا کچھ بتا دیں؟۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جی اس پر آپ کو انشا اللہ بتائیں گے، مذاکرات چل رہے ہیں۔

آخری سانس تک  بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کھڑی ہوں،،بشریٰ بی بی
جب تک بانی پی ٹی آئی  ہمارے پاس نہیں آجاتے، ہم نے یہ احتجاج ختم نہیں کرنا
مجھے یقین ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی،کارکنوں سے خطاب

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کارکنوں سے کہا ہے کہ میں آخری سانس تک  بانی پی ٹی آئی  کی رہائی کے لیے کھڑی ہوں، پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے مجھے امید ہے وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی۔ برہان انٹرچینج پر بشری بی بی کی کنٹینر پر کھڑے ہو کر کارکنوں سے خطاب کی ویڈیو سامنے آگئی۔انہوں  نے  کہا کہ میرے بچو اور بھائیو جب تک بانی پی ٹی آئی  ہمارے پاس نہیں آجاتے، ہم نے یہ احتجاج ختم نہیں کرنا، میں اپنی آخری سانس تک وہیں کھڑی رہوں گی آپ لوگوں کو ہمارا ساتھ دینا ہے اگر کوئی ساتھ نہیں دے گا تب بھی میں کھڑی رہوں گی۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ یہ صرف میرے میاں کی بات نہیں ہے، یہ اِس ملک اور اِس ملک کے لیڈر کی بات ہے۔انہوںنے کہا کہ مجھے یقین ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، وہ آخری وقت تک ساتھ نہیں چھوڑے گی۔یہ کہہ کر بشریٰ بی بی نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاکر خطاب ختم کیا۔