بتایا جائے مدارس رجسٹریشن بل پر صدرپاکستان دستخط کیوں نہیں کر رہے؟ ، حافظ حمد اللہ
 کیا ایوان صدر پارلیمنٹ سے سپریم ہے جو مدارس بل میں رکاوٹ بن رہا ہے؟

مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط سے متعلق حکومت سے بات کروں گا، بلاول کی فضل الرحمان کو یقین دہانی
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کا مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط نہ ہونے پرتشویش کا اظہار

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ  وہ مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط سے متعلق حکومت سے بات کر یں گے ،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ملاقات کے دوران مولانا نے مدارس رجسٹریشن بل پرصدرکے دستخط نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو پیپلزپارٹی کے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط سے متعلق حکومت سے بات کر یں گے۔ اس دوران ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مدارس رجسٹریشن بل دونوں ایوانوں سے منظور ہوچکا ہے لیکن ابھی تک صدر نے دستخط نہیں کیے، جس پر ہمیں تشویش ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ موجود تھے، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے عبدالغفور حیدری،سنیٹر کامران مرتضی، حاجی غلام علی ، مولانا لطف الرحمان اور مولانا اسعد محمود  نے ملاقات میں شرکت کی۔قبل ازیں بلاول بھٹوزرداری اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز حکومت کو 7 دسمبر کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط نہ ہوئے تو ہم 8 دسمبر کو پشاور میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

بتایا جائے مدارس رجسٹریشن بل پر صدرپاکستان دستخط کیوں نہیں کر رہے؟ ، حافظ حمد اللہ

جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ بتایا جائے مدارس رجسٹریشن بل پر صدرپاکستان دستخط کیوں نہیں کر رہے؟۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل 26ویں آئینی ترمیمی کا حصہ ہوتے ہوئے ایوان صدر میں لٹکایا گیا ہے۔ بل دونوں ایوانوں سے پاس ہونے تک پیپلزپارٹی اور حکومت آن بورڈ تھے پھر رکاوٹ کیا ہے، کون ہے اورکیوں ہے؟حافظ حمد اللہ نے کہا کہ کیا ایوان صدر پارلیمنٹ سے سپریم ہے جو مدارس بل میں رکاوٹ بن رہا ہے؟ بلاول کردار ادا کریں اور پاپا سے کہیں بات پارلیمنٹ کی سپرمیسی کی ہے ۔بصورت دیگر فضل الرحمان تنگ آمد بجنگ آمد فارمولے پر عمل کرنے میں حق بجانب ہیں۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ پھر اس کا راستہ روکنا نہ ڈائیلاک سے ممکن ہو گا نہ لاٹھی سے، بلاول کے پاس یہی  2آپشن ہیں۔