مردوخواتین کی انفرادی و اجتماعی قربانیاں بنگلہ دیش میں انقلاب لائیں،حافظ نعیم الرحمان
جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہدجاری رکھے گی
منصورہ میں خواتین تربیت گاہ سے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن،ثمینہ سعید، ڈاکٹر رخسانہ جبیںاور دیگر کاخطاب
حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت کی آرا اور مشاورت کی روشنی میں خیبر پختونخواہ میں صوبائی امرا کا تقرر کردیا
لاہور (ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دین کے پلیٹ فارم پر خواتین کی جدو جہد موثر اور مسلسل ہے- مرد و خواتین کی انفرادی و اجتماعی قربانیاں بنگلہ دیش میں انقلاب لائیں- پاکستان میں یہ قربانیاں وطن سے محبت کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ہیں،جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہدجاری رکھے گی -ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں خواتین مرکزی ذمہ داران کی تین روزہ تربیت گاہ سے خطاب کے دوران کیا- انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، حکومت اور اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔اسلامی نظام کا قیام جماعت اسلامی کا نصب العین ہے- جماعت اسلامی ہر موقع پر عوام کی ترجمانی کرتی ہے۔حکومت کی جمہوریت کشی اور فسطائیت کے خلاف جماعت اسلامی ہی عوام کی واحد توانا آواز ہے- جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہدجاری رکھے گی ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل غزہ و فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور عالمی طاقتیں اسرائیلی افواج کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں، ہرروز بمباری کر کے فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہر مسلمان مرد اور عورت پر لازم ہے۔جماعت اسلامی 29دسمبر کو اسلام آباد میں اہل غزہ و فلسطین کے لیے عظیم الشان ملین مارچ کرے گی۔ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کا اولین مخاطب انسان ہے جسے اللہ نے اشرف المخلوقات کے ساتھ ساتھ زمین پراپنا نائب بھی بنایا لہذا بہترین فرد وہ ہے جو اپنی ساری زندگی قرآن کے سیکھنے سکھانے اور عملی نفاذ کی جدوجہد میں صرف کردے- اس کے ساتھ مدرسہ کو بھی مجسم کردار ہونا چاہیے- پہلے خود عمل کرنے والی ہو- قرآن مجید کو دیگر مضامین سے بڑھ کر زیادہ جدید ٹیکنا لوجیز ، عملی مہارتوں اور نفس مضمون کی تفہیم کے ساتھ پیش کرنا چاہیے تاکہ سیکھنے والے کا جذبہ شوق بڑھ سکے،سابقہ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے کہا کہ اختیارات کا غلط استعمال ذمہ داریوں کی شدید کوتاہی ہے جس کا اللہ کے ہاں شدید محاسبہ ہے- غیر جانبداری سے فیصلے کرنا اور اپنے ملک کو فساد سے بچانا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے-اللہ کے دین کا بول بالا کرنے کے لیے قوت، وقت اور بہترین ٹیکنالوجی کا استعمال لازم ہے،آفاق کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد وارثی نے کہا کہ ہماری تمام صلاحیتیں اللہ کے نظام کی حکمرانی کے لیے ہونی چاہیے- نوجوانوں کی ذہن سازی کے لیے حکمت عملی اور مقاصد کو پیش نظر رکھیں-سسٹم میں باصلاحیت لوگوں کی تلاش کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت کی آرا اور مشاورت کی روشنی میں خیبر پختونخواہ میں صوبائی امرا کا تقرر کردیا
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت کی آرا اور مشاورت کی روشنی میں خیبر پختونخواہ میں صوبائی امرا کا تقرر کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے پروفیسر محمد ابراہیم کو امیر صوبہ کے پی جنوبی، عنایت اللہ خان کو امیر صوبہ کے پی شمالی ، عبدالواسع کو امیر صوبہ کے پی وسطی اور عبدالرزاق عباسی کو امیر صوبہ کے پی ہزارہ مقرر کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق صوبائی امرا کی مدت تین سال ہو گی ۔صوبائی امرا کی 14دسمبر 2024 سے 31 اکتوبر 2027 تک تقرری کی گئی ہے ۔