ہمارے مطالبات پر پیشرفت نہ ہوئی تو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کردوں گا، عمران خان
 اگر دو مطالبات مانتے ہیں تو آج (بروز اتوار)زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے،علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ اگر 22دسمبر تک ہمارے مطالبات پر بات چیت کے لیے کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کردوں گا۔علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے تین سے چار مہینے تو بانی پی ٹی آئی پکے جیل میں رہیں گے، اگر دو مطالبات مانتے ہیں تو  آج (بروز اتوار)  سے زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے۔ جب یہاں سے سزا ہوتی ہے تو ہائیکورٹ سے ریلیف مل جاتا ہے، القادر ٹرسٹ کا کیس ہائیکورٹ جائے گا جس میں چھ مہینے لگ سکتے ہیں، اگلے تین سے چار مہینے تو بانی پی ٹی آئی پکے جیل میں رہیں گے۔  ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دو مطالبات ہیں، لیکن حکومت کی نیت نہیں کہ لوگوں کو رہا کیا جائے، 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو مطالبات مانتے ہیں تو اتوار سے زر مبادلہ نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے، اگر مطالبات نہیں مانتے تو ہم اوورسیز کو کہیں گے زرمبادلہ نہ بھیجیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت جو ججز پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دے رہے ہیں ان کی ترقی ہورہی ہے، جبکہ حق کے ساتھ کھڑے لوگوں کو او ایس ڈی کیا جارہا ہے، تاہم عمران خان نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو گھبرانا نہیں چاہیے کہ کیوں کہ ظلم کا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان نے جوڈیشری کو واضح پیغام دیا ہے کہ قوم ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو حق کا ساتھ دے رہے ہیں، اور یہ ایک دن ضرور سرخرو ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے مزید کہاکہ عمران خان نے ظلم کے نظام کے خلاف جہاد کرنے کی اپیل کی ہے ۔