کل ( پیر سے ) شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کابینچ تبدیل
جسٹس منیب اختراب چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے 3رکنی بینچ کاحصہ نہیں ہوں گے۔نظرثانی کاز لسٹ جاری
اسلام آباد(ویب نیوز)
سوموار 6جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی کابینچ تبدیل کردیا گیا۔ جسٹس منیب اختراب چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے 3رکنی بینچ کاحصہ نہیں ہوں گے۔بینچ تبدیلی کے حوالہ سے ہفتہ کے روزنظرثانی کاز لسٹ جاری کردی گئی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاداحمد خان پر مشتمل 2رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعرات 9جنوری تک روزانہ 50،50کیسز کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جمعہ کے روز کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔ جبکہ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاداحمد خان پر مشتمل 2رکنی بینچ جمعہ10جنوری کوسپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 1میں کیسز کی سماعت کرے گا۔ دوسری جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 6جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے میں کیسز کی سماعت کے لئے کل7ریگولر بینچ تشکیل دے دیئے گئے۔سپریم کورٹ کے حاضر سروس 18ججز میں سے 4ججز آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔6ریگولربینچ سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ پر اسلام آباد جبکہ 1بینچ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میںکیسز کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سید منصورعلی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ،جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔ جسٹس منیب اخترکی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہررضوی پر مشتمل3رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعرات 9جنوری تک دن ساڑھے 11بجے سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2میں روزانہ 10،10کیسز کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعرات9جنوری تک آئینی بینچ کے بعد دن ساڑھے 11بجے کمرہ عدالت نمبر 3میں روزانہ 10،10کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 2رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعرات 9جنوری تک روزانہ دن ساڑھے 11بجے کمرہ عدالت نمبر4میں 10،10کیسز کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج جسٹس سردارطارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس مظہرعالم خان میاں خیل پر مشتمل 2رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعہ 10جنوری تک کل 95کیسز کی سماعت کرے گا۔ بینچ سوموار سے جمعرات تک روزانہ 20،20اورجمعہ کے روز15کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 2رکنی بینچ سوموار 6جنوری سے جمعہ 10جنوری تک سپریم کور ٹ لاہور رجسٹری میںکیسز کی سماعت کرے گا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کہ سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہررضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7رکنی لارجر بینچ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 2میں سوموار 6جنوری سے جمعہ10جنوری تک روزانہ 10،10کیسز کی سماعت کرے گا۔