حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر غزہ سیزفائرمعاہدہ اور حماس کی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز سمیت ملک کے طول وعرض میں ریلیاں اور مارچز کا انعقاد
لاہو ر( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر غزہ سیزفائرمعاہدہ اور حماس کی کامیابی پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز سمیت ملک کے طول وعرض میں ریلیاں اور مارچز کا انعقاد ہوا جن سے نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم سمیت مرکزی اور صوبائی قیادت نے خطاب کیا۔ ریلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور غزہ میں پندرہ ماہ سے جاری اسرائیلی سفاکیت اور بمباری کے خاتمے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قطر میں ہونے والے معاہدے کو حماس کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ مجاہدین غزہ نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی ہے اور اللہ تعالیٰ نے انھیں اس کے ثمر سے نوازا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ صہیونی قبضہ سے آزاد ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق نائب امیر لیاقت بلوچ نے لاہور میں یوم تشکر ریلی کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اس موقع پر موجود تھے، اسلام آبادمیں نائب امیر میاں محمد اسلم اور امیر ضلع نصراللہ رندھاوا نے ریلی کی قیادت کی۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے میرپور سندھ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے غزہ سیز فائر معاہدے کو امت کی فتح قرار دیا۔ لاڑکانہ میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ممتاز حسین سہتو نے یوم تشکر ریلی سے خطا ب کیا، ملتان میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی، چارسدہ میں امیر خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، نائب امیر صوبہ ریاض خان، امیر جماعت اسلامی چارسدہ شاہ حسین، دیرپائن میں امیر جماعت اسلامی کے پی شمالی عنایت اللہ خان، بنوں میں امیر کے پی جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم، امیر ضلع بنوں مفتی عارف اللہ، پشاور میں جنرل سیکرٹری کے پی وسطی صابر حسین اعوان، قائم مقام امیر ضلع ہدایت اللہ نے یوم تشکر کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کی۔ دیگر تفصیلات کے مطابق مہمند میں امیر ضلع ملک سعید خان، حافظ آباد میں امیر ضلع ملک شوکت علی بھلروان، جڑانوالہ میں نائب امیرصوبہ رانا عبدالوحید، امیر ضلع ڈاکٹر سعید احمد، وزیرآباد میں امیر ضلع ناصر محمود، گوجرہ میں امیر ضلع ڈاکٹر عطا اللہ حمید، فیصل آباد میں امیر ضلع محبوب الزماں بٹ، زاہد عمران کروٹانہ نے یوم تشکر ریلیوں سے خطاب کیا۔تھرپارکر مٹھی میں امیر ضلع یاسین مغل، جیکب آباد میں قیم ضلع اکبر علی مہر اور محمد ابوبکر سومرو، گھوٹکی میں امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی، مردان میںامیر ضلع غلام رسول، نوشہرہ میںامیر ضلع حاجی عنایت الرحمن، ڈیرہ اسماعیل خان میںامیر ضلع ڈاکٹر منظر مسعود خٹک، ہری پور میں امیر ضلع طاہر عتیق صدیقی،جنوبی وزیرستان میں امیر اسد اللہ بھیر، دادو میںامیر ضلع عبدالرحمن، کندھکوٹ میں امیر ضلع کشمور غلام مصطفی میرانی نے یوم تشکر ریلیوں اور مارچز کی قیادت اور شرکا سے خطاب کیا۔ شیخوپورہ، لودھراں، دیر اپر، صوابی، سوات، باڑا خیبر، چارسدہ اور دیگر مقامات پر بھی امیر جماعت اسلامی کی ہدایت کے مطابق یوم تشکر ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔





