غزہ میں شدید سردی کے باعث چھ نومولود بچوں کی المناک اموات
حماس کی قابض حکومت پر کڑی تنقید ، انسانی حقوق کی تنظیموں سے مزید بے گناہ جانوں کے ضیاع کو رو کنے کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
اسرائیلی جارحیت سے مزید دو فلسطینی شہید.. شہدا کی تعداد 48,348 اور زخمیوں کی تعداد 111,761 تک پہنچ چکی،فلسطینی وزارت صحت
غزہ (ویب نیوز)
غزہ کی پٹی میں شدید سردی اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کے باعث چھ نومولود بچوں کی المناک موت واقع ہو چکی ہے، جبکہ متعدد دیگر بچے تشویشناک حالت میں اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ غزہ کے صدقا المریض ہسپتال کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر سعید صلاح کے مطابق، گزشتہ دو ہفتوں میں شدید سردی کے باعث جسمانی درجہ حرارت میں خطرناک حد تک کمی کے شکار چھ نومولود بچے اسپتال لائے گئے، جن میں سے پانچ جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ ایک بچہ اب بھی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔فرینڈز آف فلسطین کے مطابق ناصر میڈیکل کمپلیکس کے شعبہ اطفال کے سربراہ، ڈاکٹر احمد الفرا نے بھی صورتحال کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ شام الشنباری نامی 60 روزہ بچی شدید سردی کے باعث اپنی خیمہ گاہ میں ہی دم توڑ گئی، جبکہ ایک اور بچہ انتہائی نگہداشت میں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حالات نہ بدلے تو آنے والے دنوں میں مزید معصوم جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔سترہ ہزار سے زائد بچے شہید ، قتلِ عام کا سلسلہ جاری ہے ،اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے قابض حکومت پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک سانحہ قابض اسرائیلی حکومت کی مجرمانہ پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ہے، جس نے دو ملین سے زائد محصور فلسطینیوں کو امدادی سامان، طبی سہولیات اور بنیادی انسانی ضروریات سے محروم کر رکھا ہے۔ حماس نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک اور قابل تشویش ہے کہ گزشتہ پندرہ ماہ کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سترہ ہزار سے زائد معصوم بچے شہید ہو چکے ہیں۔اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اس انسانی المیے پر قابض اسرائیلی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی کو شرمناک قرار دیا ہے۔حماس نے تمام ثالثین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور موثر مداخلت کرتے ہوئے قابض دشمن کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر مجبور کریں اور غزہ کے شہریوں تک فوری طبی امداد، پناہ گاہوں کے لوازمات اور شدید سردی سے بچاو کا ضروری سامان پہنچانے کو یقینی بنائیں۔حماس نے زور دیا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی ادارے اس سنگین بحران کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں، تاکہ مزید بے گناہ جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
اسرائیلی جارحیت سے مزید دو فلسطینی شہید
شہدا کی تعداد 48,348 اور زخمیوں کی تعداد 111,761 تک پہنچ چکی،فلسطینی وزارت صحت
اسرائیلی جارحیت سے مزید دو فلسطینی شہید ہوگئے ،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں 2 شہدا ئ( 1 شہید ملبے سے برآمد، 1 نیا شہید) اور 2 زخمی پہنچائے گئے ہیں۔اب بھی کئی شہدا ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، جن تک امدادی ٹیمیں اور سول ڈیفنس کے اہلکار رسائی حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہدا کی تعداد 48,348 اور زخمیوں کی تعداد 111,761 تک پہنچ چکی ہے۔





