سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں حقوق نہیں مل رہے،چیف جسٹس آف پاکستان کوخط لکھنے کا کہا: سلمان اکرم راجہ
شیرافضل مروت کے فیصلے بارے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،میڈیا سے گفتگو
عمران خان نے کہا ہے کہ جب سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی: علیمہ خان
راولپنڈی(ویب نیوز)
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں حقوق نہیں مل رہے۔انہوں نے مجھے چیف جسٹس آف پاکستان کوخط لکھنے کا کہا ہے ،راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے، وہ بالکل ٹھیک ہیں، چند دن قبل ان سے بچوں کی بھی فون پربات کرائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات نہیں کرائی جارہی،انہوں نے مجھے چیف جسٹس آف پاکستان کوخط لکھنے کا کہا ہے، بطورسابق وزیراعظم بانی کوان کے حقوق نہیں مل رہے۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو حالیہ دورہ سندھ بارے بریفنگ دی، سندھ میں پانی کے مسئلے کی وجہ سے لوگ سراپا احتجاج ہیں، ہم سندھ کے حقوق کے لیے لڑیں گے، سندھ میں وڈیروں کا راج بہت ہوگیا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے جنید اکبر پر بھرپوراعتماد کا اظہارکیا، انہوں نیکہا جو پارٹی کے خلاف کام کرتے ہیں، سخت کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کرکٹ کی صورتحال پر بہت افسردہ ہیں جبکہ عمرایوب نے عمران خان کی اجازت کے بعد چیف جسٹس آف سیملاقات کی،انہوں نے کہا پارٹی آپ کی قیادت میں متحد ہے، دوران ملاقات عمران خان کو ہائی کورٹ بارالیکشن بارے بھی آگاہ کیا۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی ہدایت کیخلاف ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے بے دخل کیا جائے گا، شیرافضل مروت کے فیصلے بارے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ تھے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کرکٹ کو تباہ کردیا گیا ہے، کرکٹ ناتجربہ کار لوگوں کے حوالے کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی بہت افسردہ ہیں، کرکٹ کے ساتھ پاکستان کے عوام کی وابستگی ہے، پچھلے چند سالوں میں کرکٹ کو مذاق بنا دیا گیا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ جب سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی: علیمہ خان
)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان کا میچ دیکھا، ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ جب سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی ،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کو آج سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کا میچ دیکھا، میچ ہارنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے سارا غصہ آج کرکٹ پر اتارا اور انہوں نے میچ ہارنے پر بڑے دکھ کا اظہار کیا۔علیمہ خان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب سفارشی لوگوں کو بٹھایا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی، محسن نقوی سے پوچھا جائے اس کو کرکٹ کا کیا تجربہ ہے؟ عمران خان کی صحت کے حوالے سے ہمشیرہ کا کہنا تھاکہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے خبر نکالی گئی کہ بانی پی ٹی آئی بے ہوش کر گر پڑے، بانی پی ٹی آئی اس بات پر ہنسے ہیں، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، قاسم خان سوری ملک سے باہر ہے ان کو کیا پتا۔ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میرے متعلق صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔





