خیبرپختونخوا کا بجٹ 23 تاریخ کو پاس کرنا ضروری نہیں تھا، سلمان اکرم راجہ

کے پی اسمبلی نے جو کیا وہ بظاہر لگتا ہے عجلت میں کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما

علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو مائنس کردیا، علیمہ خان

اگر ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں: ہمشیرہ عمران خان

راولپنڈی (ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ 23 تاریخ کو پاس کرنا ضروری نہیں تھا کیونکہ آج امکان تھا کہ اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے کوئی واضح ہدایات مل جاتیں۔اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے ملاقات کے دن، پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے جیل حکام کے رویے اور ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر سخت تنقید کی۔جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کے بعد میری صرف دو ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ملاقاتیں نہ کرانا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے جبکہ بانی کے بنیادی حقوق کا کسی کو کوئی پاس نہیں ہے اور عدالتی احکامات کا بھی کسی کوئی پاس نہیں ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتیں خود اپنے احکامات پر عمل کرانے سے گریزاں ہیں، جیل قانون، انتظامیہ کا رویہ اور عدلیہ کا کردار سب کے سامنے ہے، جن کیسز میں بانی کا وکیل ہوں ان میں بھی پیش نہیں ہونے دیا جاتا۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ لاہور میں بانی کی 9 مئی کیسز میں ضمانت منسوخ ہونے پر افسوس ہے، سپریم کورٹ جائیں گے، اسی نظام سے ٹکراتے رہیں گے اور ہم موجودہ نظام کو شرم دلاتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی بجٹ 23 تاریخ کو پاس کرنا ضروری نہیں تھا، آج امکان تھا بانی سے کوئی واضح ہدایات مل جاتیں، جب تک ممکن تھا ہم بجٹ روک سکتے تھے، 30 جون تک وقت تھا تب تک بانی کی ہدایات بھی آجاتیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ممکن تھا وفاقی حکومت فنانشل ایمرجنسی کا نفاذ کرتی، کے پی حکومت کے خاتمے کیلئے بانی کی کوئی ہدایات نہیں تھیں، ہم سمجھتے ہیں بجٹ پر ہمیں مشاورت جاری رکھنی چاہیے تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی میں سوالات اٹھے ہیں بجٹ کیوں 23 تاریخ کو پیش ہوا ہے، سیاسی کمیٹی کا فیصلہ تھا جتنا ممکن ہو سکے 30 تاریخ تک مشاورت ہونی چاہیے، کے پی اسمبلی نے جو کیا وہ بظاہر لگتا ہے عجلت میں کیا گیا۔

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو مائنس کردیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہ کیا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو مائنس کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ( عمران)مائنس ہی ہوگئے ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی کہتے ہیں کہ علی امین گنڈا پور بہت طاقت ور ہے ہم اسے ناں نہیں کہہ سکتے، علیمہ خان نے کہا کہ اگر بوجھ نہیں اٹھاسکتے تو گھر جائیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا اسمبلی نے آئندہ مالی سال کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا، جبکہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف نے 17 جون کو ایک پیغام میں کہا تھا کہ بجٹ کی منظوری اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک علی امین، عمر ایوب، مزمل اسلم، تیمور جھگڑا اور شبلی فراز جیل آکر انہیں بریفنگ نہ دی

بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردینگے،،بیرسٹرگوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ با نی پی ٹی آئی جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے ، بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردیں گے۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدالتوں نے مایوس کیا ہے لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف 300 مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے پہلے وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، پانچ دن کے اندر بانی پی ٹی آئی کو تین سزائیں ہوئیں جس میں 45 سال کی سزا سنائی گئی۔انہوں نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں، کتابیں تک نہیں دینے دے رہے، رولز کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں نہیں کرنے دیتے، بانی پی ٹی آئی کو بڑے بڑے مائنس کرنا چاہتے تھے مگر وہ نہیں کر سکے۔بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس نہیں ہوا، بجٹ پاس ہونے میں ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں، یہ بانی پی ٹی آئی کی اسمبلی ہے ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہوگا، بانی پی ٹی آئی جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے، اسمبلی تحلیل کا کہیں گے تو کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ ہمارا نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے۔

بانی نے بجٹ پاس کرنے پر رضامندی کا اظہار کر لیا: بیرسٹر سیف 

راولپنڈی:  بیرسٹر ڈاکٹرسیف کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں کے پی بجٹ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔  ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے بانی پی ٹی آئی کو کے پی بجٹ کے حوالے سے بریفنگ دی، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بجٹ پاس کرنے پر رضامندی کا اظہار کرلیا۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے بتایا کہ بجٹ مشروط طور پر پاس کیا، آئینی مدت پورا ہونے سے پہلے بجٹ پاس کرنا ضروری تھا، بعد میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق بجٹ میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بجٹ پاس کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا، علی امین اور مزمل اسلم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی بجٹ کے حوالے سے ہدایات دے سکتے ہیں۔