عمران خان کے رشتے داروں کی عزت کرتا ہوں لیکن صرف بانی کے حکم کا پابند ہوں، علی امین گنڈاپور

بجٹ سے متعلق عمران خان سے ملاقات کروں گا اور انہیں بریفنگ دوں گا پھر جو ان کا حکم ہوگا اس کی تعمیل کریں گے، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (ویب  نیوز)

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کے رشتے داروں کی عزت ضرور کرتا ہوں لیکن صرف عمران خان کے حکم کا پابند ہوں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجٹ سے متعلق عمران خان سے ملاقات کروں گا اور انہیں بریفنگ دوں گا پھر جو ان کا حکم ہوگا اس کی تعمیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے یہ بغیر مینڈیٹ کے اسمبلیوں میں پہنچے ہیں جبکہ عمران خان جیل میں ہوکر بھی عوام میں آج بھی مقبول ہیں، لہذا ان کو آج بھی یہ خوف ہے کہ عمران خان جب باہر آئیں گے تو ظاہر ہی بات ہے کہ جو لوگ یہ سب کررہے ہیں اور غیر آئینی اقدامات کررہے ہیں اور ملک کا آئین توڑا ہے، ان کو حساب تو دینا پڑے گا۔ صحافی کے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کون مائنس کرسکتا ہے، اگر ان کی بہن نے یہ بیان دیا ہے تو ان سے جا کر پوچھ لیں کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر دہرا رہا ہوں کہ میرا لیڈر عمران خان ہے اور میں صرف انہیں کو جوابدہ ہوں، ان کا حکم سر آنکھوں پر ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کے جو بھی رشتہ دار ہیں، ہم ان کی عزت ضرور کرتے ہیں اور عمران خان کے ووٹرز اور سپورٹرز کی بھی عزت کرتے ہیں لیکن میں پابند صرف ایک شخص کا ہوں اور اس کے حکم کا ہوں، وہ عمران خان ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح میرے خلاف سازشیں ہورہی ہیں اور جس طرح ملک میں آئین وقانون کی حالت ہے، میں اب ایک صحافی سے مشورہ لوں گا کہ مجھے یا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آئین اور آئینی تقاضوں کو دیکھتے ہوئے کام کرنا ہوتا ہے اور اسی حساب سے چلنا ہوتا ہے، ہمارا کام عمران خان کی طاقت، اختیار اور امانت کی حفاظت کرنی ہے۔