پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے ضبط وتحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے کو خطرے میں ڈالا۔ ترک وزیر خارجہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے تعاون موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے وزراء خارجہ اور دفاع کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات ہوئی، مختلف شعبوں میں ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں، پاکستان ترکیہ کو اپنا قابل اعتماد دوست اور برادر ملک سمجھتا ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ترکیہ کا ماورف سکول آزاد کشمیر میں کھولنے کی بات ہوئی، کراچی میں ترکیہ کے تاجروں کیلئے خصوصی اقتصادی زون بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی کے شکرگزار ہیں، بھرپور میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا اسے ہمارا مشترکہ اعلامیہ سمجھا جائے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان منفرد نوعیت کے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کو ادارہ جاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ حکان فدان نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اقتصادی امور، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا، دونوں ممالک باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آئل اور گیس میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں، قبرص کے معاملے پر پاکستان کی حمایت ہمارے لئے انتہائی اہم ہے۔ ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے ضبط وتحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے کو خطرے میں ڈالا۔ قبل ازیں ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان اور وزیر دفاع یاشر گوولر دفتر خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اسلام آباد: (ما نیٹرنگ ڈیسک ) ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گلر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مقاصد اور تزویراتی ہم آہنگی پر روشنی ڈالی، انہوں نے دفاع، بالخصوص اعلیٰ تربیت اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے دفاعی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں تیزی سے پیش رفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا تاکہ عملی اقدامات اور اشتراک کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
ترک وزیر دفاع یاشار گلر نے پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کی جانب سے دی گئی گرمجوشی اور مہمان نوازی پر دلی تشکر کا اظہار کیا، انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور قومی خودمختاری کے دفاع میں پختہ عزم کو سراہا اور اسے ایئر چیف کی مؤثر قیادت کا مظہر قرار دیا۔
یاشار گلر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل المدتی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے خصوصی طور پر ایویانکس، جدید غیرروایتی جنگی ٹیکنالوجیز اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظام (UAS) کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ جات اور صنعتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ترک وزیر دفاع نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ ترقی اور آپریشنل ہم آہنگی کے فروغ کا کلیدی ذریعہ قرار دیا، دونوں رہنماؤں نے تربیتی اشتراک کو وسعت دینے اور دوطرفہ و کثیرالملکی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ترکیہ کے وزیر دفاع کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کو فروغ دینے، دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے اور مسلح افواج کے درمیان پائیدار ادارہ جاتی روابط کے قیام کی مشترکہ کوششوں کا مظہر ہے۔





