غزہ میں بھوک کے باعث مزید 6 افراد شہید
اسرائیلی فائرنگ سے 44 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں
غزہ ( ویب نیوز) غزہ میں اسرائیل کی پیدا کردہ بھوک کے باعث مزید 6 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے امداد کے منتظر22 افراد سمیت 44 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے باعث 6 بالغ افراد شہید ہو گئے۔ان اموات کے بعد، اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے بھوک اور غذائی قلت سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 175 ہو گئی ہے، جن میں 93 بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی بمباری کے باعث متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی کمی اور طبی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات کے سبب شہدا اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب، مغربی کنارے کے نابلوس علاقے میں یہودی آبادکاروں نے مقامی فلسطینیوں پر حملہ کیا جس میں ایک فلسطینی شہید اور سات زخمی ہوگئے۔ مقامی فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی فورسز کی سرپرستی میں کیے گئے ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اسرائیلی فورسز کے اقدامات کا نوٹس لے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرے۔




