بھارت نے مزید ٹیرف عائد کرنے کا ٹرمپ کا فیصلہ بلاجواز اور غیر منصفانہ قرار دیدیا

امریکا بھارت کی روس سے تیل کی خریداری کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنا رہا ہے، ترجمان وزارت خارجہ کا ردعمل

نئی دہلی (ویب  نیوز)

بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مزید ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے "غیر منصفانہ، بلاجواز اور غیر ضروری” قرار دے دیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ امریکا کا یہ اقدام افسوسناک ہے اور بھارت اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت نے روس سے تیل کی درآمدات سے متعلق اپنا موقف پہلے ہی پیش کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا بھارت کی روس سے تیل کی خریداری کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  نے بھارت پر مزید 25فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد امریکا کی جانب سے بھارت پر مجموعی ٹیرف 50فیصد ہو گیا ہے۔ وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی 25فیصد ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ بھارت براہِ راست یا بالواسطہ طور پر روسی فیڈریشن کا تیل درآمد کرتا ہے۔