باجوڑ کے تھانہ پر دہشتگردوں کا ڈرون سے حملہ، اے ایس ائی اور ایک شہری زخمی
لوئی ماموند میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک شہری شہید دوسرا زخمی. باجوڑ کی تحصیل خار میں اسکولز تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم
باجوڑ( ویب نیوز)
باجوڑ میں تھانہ لوئی ماموند پر دہشت گردوں نے ڈرون سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوگیا ۔ جن کے نام اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حبیب اور ایک سویلین نجیب اللہ ولد محمد زمین کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا ہے۔ اس کے علاہ۔ گزشتہ رات تحصیل لوئی ماموند کے علاقے گوہاٹی میں آبادی پر مارٹر گولہ گرنے سے ایک شخص شاکر اللہ شہید جبکہ ایک شخص نیاز محمد زخمی ہوگئے۔ زخمی کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا ہے۔ شہید شاکر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ دوسرے جانب تحصیل لوئی ماموند کے مختلف علاقوں غاخی، نختر اور گواٹی سے بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے۔
باجوڑ کی تحصیل خار میں اسکولز تاحکم ثانی بند رکھنے کا حکم
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے احکامات پر تحصیل خار کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز فوری طور پر بند کر دیے گئے، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی ہدایت پر تحصیل خار کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے مردانہ و زنانہ اگلے حکم تک بند رہیں گے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باجوڑ لودان شاہد اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام عوامی مفاد میں اٹھایا گیا ہے، اور اسکولز کب دوبارہ کھولے جائیں گے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔





