حافظ نعیم الرحمن کا محمود خان اچکزئی، اختر مینگل سے رابطہ، کوئٹہ بم دھماکہ کی مذمت، دونوں رہنماؤں کی خیریت دریافت کی۔
امن کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری، عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، امیر جماعت اسلامی
لاہور  (  ویب نیوز )
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے کوئٹہ جلسہ پر خودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی واقعہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چیئرمین پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی اور سربراہ بی این پی (مینگل) سردار اختر مینگل سے فون کال کرکے دونوں رہنماؤں سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ امیر جماعت اسلامی نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ دہشت گردی واقعہ میں دونوں قائدین محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ منگل کی شام کوئٹہ شاہوانی سٹیڈیم میں بی این پی (مینگل) کے جلسہ میں بم دھماکہ سے پندرہ افراد جاں بحق اور چالیس کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے دھماکہ کو خود کش قراردیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل سے گفتگو کرتے ہوئے واقعہ کو کھلی دہشت گردی سے تعبیر کیا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت کی ہے جس میں وہ بظاہر ناکام نظر آرہی ہے۔ انہوں نے حکمرانوں پر زور دیا کہ امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان اور بنوں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پر افسوس اور گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔