بھارت کے چھوڑے گئے پانی سے چناب میں شدید طغیانی، انتہائی اونچے درجے کا سیلاب
مون سون کا زور دار سپیل، گجرات میں 506 ملی میٹر بارش، شہر کے بیشتر حصے ڈوب گئے
لاہور+ نواب شاہ + گجرات (ویب نیوز )
بھارت کے چھوڑے گئے پانی سے چناب میں شدید طغیانی سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آگیا۔ ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 4 لاکھ 44 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، ہیڈ خانکی پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 58 ہزار کیوسک ہو گیا، ہیڈ تریموں پر بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 65 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ سیلابی ریلے نے کوٹ مومن کے علاقے رام دیانہ میں شدید تباہی مچا دی، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سمیت کئی عمارتیں پانی میں ڈوب گئیں، دریائے چناب میں شور کوٹ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب آگیا، جھنگ اور ملتان روڈ کے قریبی کئی علاقے زیر آب آگئے،



مون سون کا زور دار سپیل، گجرات میں 506 ملی میٹر بارش نے شہر کے بیشتر حصے کو ڈبو دیا۔ اربن فلڈنگ سے ہر طرف پانی ہی پانی، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بارشی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے قیمتی سامان تباہ ہوگیا، موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بھی بپھر گئے، درجنوں دیہات زیر آب آگئے۔ شکر گڑھ اور ظفروال میں بھی بادل برس پڑے، نشیبی علاقے ڈوب گئے، ایبٹ آباد میں شدید بارش ہوئی، سیلابی ریلے سے لورا ندی کا پل بہہ گیا، متعدد دیہات کا رابطہ کٹ گیا۔ پنجاب میں 5 ستمبر تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی، سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان بڑھ گیا، خانپور ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد سے تجاوز کر گئی، سپیل ویز کھول دیئے گئے۔





