حضورﷺ کا یوم ولادت، شہر شہر چراغاں، فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے معطر

عید میلاد النبیﷺ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔

لاہور: (ویب  نیوز)

سرور کونین،آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن، ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

مساجد میں میلاد کی محافل کا بھی انعقاد کیاگیا،علماء کرام نے سیرت النبیﷺ پر سیر حاصل گفتگو کی، پنجاب اسمبلی پر بھی دیدہ زیب سجاوٹ کی گئی، اسلام آباد میں آٓج بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے۔

عید میلاد النبیﷺ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اورانٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔ نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے: صدر، وزیراعظم

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قوم اور مسلم امہ کو عید میلادالنبیﷺ کے بابرکت دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے۔

صدر مملکت آصف علی زردای نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کیلئے خوشی اورعقیدت کا باعث ہے، 12 ربیع الاول اپنی زندگیوں کو تعلیمات نبویﷺ کے مطابق ڈھالنے کےعہد کا دن ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبیﷺ پر پیغام میں کہا کہ سیرت طیبہ ہمارے لئے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے، ہمیں اپنے ملک پاکستان کو سیرت طیبہ کی عملی تعبیر بنانا ہے، ہمیں تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا ہے، ملکی مسائل کا پائیدار حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات کو قومی کردار کا حصہ بنانے میں ہے۔