فلسطین کیلئے اٹلی کے 100 شہروں میں ہڑتال، 20 لاکھ کے مظاہرے 

یورپ بھر میں احتجاجی لہر پھیل گئی 

روک(  ویب نیوز)

اٹلی میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے 20 لاکھ افراد نے سڑکوں پر نکل کر تاریخی مظاہرے کیے جبکہ 100 سے زائد شہروں میں عام ہڑتال رہی اور زندگی معطل ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی بھر میں ہونے والے ان مظاہروں میں مختلف شعبوں نے شمولیت اختیار کی اور ہڑتال کی اوسط شرح 60 فیصد رہی۔ ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بند رہے۔ اٹلی میں ہفتہ کو مظاہروں کا چوتھا دن تھا۔ سی جی آئی ایل یونین کے مطابق صرف روم میں 3 لاکھ افراد شریک ہوئے، جبکہ فلورنس میں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ورلڈکپ کوالیفائر سے باہر کیا جائے۔میلان میں ایک لاکھ افراد نے احتجاج کیا، جہاں پولیس کے ساتھ جھڑپیں اور اسموک بم کے استعمال کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اسی طرح ٹورین، بولونیا اور نیپلز میں بھی مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔ عوامی دبائو کے باعث اٹلی کی حکومت پر اسرائیل کی کھلی حمایت ختم کرنے کا تقاضا مزید بڑھ گیا ہے۔یورپ کے دیگر ممالک میں بھی احتجاجی لہر پھیل رہی ہے۔ اسپین اور پرتگال میں آج بڑے احتجاج متوقع ہیں۔ میڈرڈ اور بارسلونا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر آنے کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بھی بڑے مظاہروں کی کال دی گئی ہے۔اسپین میں عوام نے اسرائیلی ٹیموں پر بین الاقوامی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہروں کی یہ نئی لہر اس وقت اٹھی جب اسرائیلی بحریہ نے امدادی جہاز روک لیے اور فلوٹیلا ارکان کو جیلوں میں دہشت گردوں کی طرح قید رکھنے کی شکایات سامنے آئیں۔

#/S