اسرائیلی حملوں میں مزید65 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں

غزہ(  ویب  نیوز)

قابض اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 65 فلسطینی شہید ہوئے جن میں دو لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں، جبکہ 153 افراد زخمی حالت میں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔وزارت صحت نے بتایا کہ قابض فوج کے تازہ حملوں میں امداد کے منتظر شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید دو افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے۔ اس طرح امداد کے انتظار میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 605 جبکہ زخمیوں کی تعداد 19 ہزار 124 سے تجاوز کر گئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 18 مارچ سنہ2025 سے اب تک غزہ پر قابض اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 13 ہزار 549 فلسطینی شہید اور 57 ہزار 542 زخمی ہو چکے ہیں۔جبکہ 7 اکتوبر سنہ2023 سے شروع ہونے والی صہیونی جنگ نے اب تک کم از کم 67 ہزار 139 فلسطینیوں کی زندگیاں چھین لی ہیں، اور 1 لاکھ 69 ہزار 583 افراد زخمی ہوئے ہیں۔وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب بھی بڑی تعداد میں لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہیں، جن تک پہنچنے سے ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں قابض اسرائیلی بمباری کے باعث قاصر ہیں۔