علیمہ خان کا دعوی: عمران خان کو برطانوی سیکریٹری خارجہ نے آفر دی تھی
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو، عمران خان کا پیغام پہنچانے کے عزم کا اظہار
راولپنڈی( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتاری سے ایک روز قبل برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ نے آفر دی تھی، جو بعد میں دوبارہ بھی دہرائی گئی۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کو آفر ہے، "چار اگست گرفتار کرنے سے ایک دن پہلے آفر آئی۔ پھر آفر آئی ہے۔ برٹش فارن سیکریٹری نے عمران خان کو آفر کی۔ محسن نقوی کہتا ہے کہ کس نے آفر کی تو وہ برٹش فارن سیکریٹری سے پوچھ لیں۔”راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ ان کا اصل مقصد عمران خان کا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے۔علیمہ خان نے الزام لگایا کہ 9 مئی سمیت مختلف تاریخوں میں ہزاروں افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور عمران خان پر بھی جھوٹے کیسز بنائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو دوبارہ سائفر، عدت، توشہ خانہ یا القادر جیسے مقدمات میں نہیں پھنسا سکیں گے کیونکہ حقائق اب ریکارڈ پر آچکے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ عدلیہ کے اندر انصاف پسند ججز بکنے والے ججز کا محاصرہ کریں گے۔علیمہ خان نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق رواں ہفتے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا سنائی جا سکتی ہے، جبکہ 16 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں القادر کیس کی سماعت ہے۔ ان کے مطابق، چاہے جج 50 سال کی سزا بھی سنا دیں تو فرق نہیں پڑتا کیونکہ عمران خان پہلے ہی بے گناہ ثابت ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بگڑتی صورتحال کے باعث لاکھوں پاکستانی بیرون ملک جا چکے ہیں، خاص طور پر پنجاب اور خیبرپختونخوا سے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتیں نہ لگنے کی وجہ سے روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں جبکہ عدالتیں کرپٹ عناصر کو تحفظ دے رہی ہیں۔علیمہ خان نے الزام لگایا کہ اڈیالہ جیل کے باہر کارکنان نے عمران خان کے لیے کیک کاٹا تو انہیں رات کو پرانی ایف آئی آرز میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہے لیکن امکان ہے کہ جج سماعت نہ کر سکیں۔





