27 ویں ترمیم کے ذریعے قومی وحدت اور چھوٹے صوبوں کی محرومیوں میں اضافہ اور وسائل پر قبضے کی سازش کی جارہی ہے،کاشف سعید شیخ
لاہور میں ہونے والا اجتماع عام مایوسی کے ماحول میں امید کی کرن ثابت ہوگا۔ کراچی کشمور لوگ بھرپور شرکت کریں گے۔امیر جماعت سندھ
لاڑکانہ( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ مجوزہ 27 ویں ترمیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے انکشافات کے بعد بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ فارم 47 کے ذریعے ملک پر جعلی قیادت مسلط کرنے والے اب مجوزہ ترمیم کے ذریعے سندھ کی وحدت وسائل اور صوبائی خود مختاری پر حملہ آور ہیں۔ وکلاء جمہوریت کی دعویدار پارٹیوں اور سول سوسائٹی سمیت جمہوریت پسند لوگوں کو 27 ترمیم کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔ابھی 26ویں ترمیم کے زخم ختم نہیں ہوئے تو 27 ویں ترمیم کے ذریعے قومی وحدت اور چھوٹے صوبوں کی محرومیوں میں اضافہ اور وسائل پر قبضے کی سازش کی جارہی ہے لگتا ہے حکمرانوں نے مشرقی پاکستان سے سبق نہیں سیکھا۔ 21 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والا اجتماع عام مایوسی کے ماحول میں امید کی کرن ثابت ہوگا۔ کراچی کشمور لوگ بھرپور شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع عام کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع لاڑکانہ کے ہر سطح کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ امیر ضلع ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ، قیم ذیشان عابد، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ ودیگر ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں کوئی بھی قانونسازی عوامی مسائل اور ملکی مفاد میں ہونی چاہئے مگر افسوس کی بات ہے کہ یہاں پر محض اپنے ذاتی مفادات، اقتدار کو طول دینے اور شخصی آمریت کو برقرار رکھنے کیلئے رات کے اندھیرے اور بند کمروں میں بیٹھ کر کی جاتی ہے ،بدقسمتی سے اس وقت فارم 47کی بنیاد پر پارلیمنٹ میں موجود لوگوں اور مقتدر قوتوں نے پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بناکر رکھ دیا ہے، معیشت کی ترقی، بیروزگاری،مہنگائی، کرپشن اور غربت کے خاتمے کیلئے کوئی قانون سازی نہیں کی جاتی۔پیپلزپارٹی کے قائدین ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ملک میں جمہوری اصولوں کی پاسداری،صوبائی حقوق اور وفاقی ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کیا لیکن موجودہ قیادت مکمل طور پر طاقتور حلقوں کے سامنے ہتھیار ڈال کر ملک کو 73کے متفقہ آئین سے محروم، عدلیہ کو ایگزیکٹو کے ماتحت اور ملک میں اظہار رائے کی آزادی،پرامن احتجاج اور اختلاف کو ختم کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں کٹوتی صوبوں اور عوام کے حقوق پر براہ راست حملہ ہے ۔جماعت اسلامی ملک میں جمہوری اصولوں کے فروغ،عدلیہ کی آزادی اور عوامی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 21تا23نومبر مینار پاکستان لاہور ”بدلو نظام اجتماع عام” میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آئندہ کا لائحہ عمل پیش کرینگے، ذمہ داران اجتماع عام میں عوام خصوصاًنوجوانوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوشش اور ڈور ٹوڈور مہم چلائیں۔





