وزارت قانون نے 27 ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا، ترمیم کے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے ، ایک، دو نکات پر سیاسی جماعتوں میں مشاورت جاری ہے . حکومتی ذرائع
لیڈ (27 ویں ترمیم / پیپلزپارٹی کا اعتراض ) این ایف سی ایوارڈ کو نہ چھیڑنے کا عندیہ ( کابینہ کا اجلاس ملتوی)

اسلام آباد:(ما نیٹرنگ ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے اعتراض کے بعد حکومت نے 27 ویں ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کو نہ چھیڑنے کا عندیہ دے دیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے 27 ویں آئینی ترمیم کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا، وفاقی وزیرقانون اعظم نزیر تارڑ ، وزیرمملکت قانون بیرسٹر عقیل اور سیکرٹری قانون پر مشتمل ٹیم نے مسودہ تیار کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ آئینی ترمیم کے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے ، ایک، دو نکات پر سیاسی جماعتوں میں مشاورت جاری ہے حکومت نے پیپلزپارٹی کو 27ویں ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کو نہ چھیڑنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے مسودہ کو حتمی شکل دینے سے پہلےحکومت پیپلزپارٹی کے جواب کی منتظر ہے،پیپلزپارٹی کے گرین سگنل کے بعد 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے متعلق وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے گی، پیپلز پارٹی کی تجاویز کو بھی حتمی مسودہ میں شامل کیا جائے گا، ہفتہ کو سینیٹ اجلاس رکھنا پیشگی تیاریوں کا حصہ ہے۔ حکومتی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سے معاملات طے ہونے کی صورت میں ہفتہ کو آئینی ترمیم سینیٹ میں پیش کرنے کا آپشن موجود ہے۔ ادھر وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت 27 ویں ترمیم پر مشاورت کیلئے آج طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جانی تھی تاہم کابینہ ارکان کو اجلاس ملتوی ہونے کی باضابطہ اطلاع فراہم کر دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں منعقد ہونا تھا جہاں اہم حکومتی معاملات اور مجوزہ آئینی ترامیم پر غور کیا جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس ملتوی ہونے کی وجوہات سے متعلق تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آئیں، نئی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیے جانے کا امکان ہے۔





