سیکیورٹی فورسز کا وانا کیڈٹ کالج کے اندر موجود تین خوارج کے خلاف آپریشن جاری ہے ، خوارجی مسلسل ٹیلیفون پر افغانستان سے ہدایات حاصل کر رہے ہیں۔ 350 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا ہے 

وانا  ( مانیٹرنگ ڈیسک )

تفصیلات کے مطابق وانا کیڈٹ کالج کے اندر موجود تین افغان خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اندر موجود تینوں دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، خوارجی مسلسل ٹیلیفون پر افغانستان سے ہدایات حاصل کر رہے ہیں، جبکہ وہ کالج کی ایک ایسی عمارت میں چھپے ہیں جو کیڈٹس کی رہائش گاہوں سے کافی فاصلے پر ہے۔  سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیڈٹس کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے عمارت کی کلیئرنس انتہائی مہارت اور احتیاط سے انجام دی جا رہی ہے۔  وانا کیڈٹ کالج سے ریسکیو کیے گئے طلباء نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاک آرمی نے ہماری حفاظت کی اور الحمدللہ سب محفوظ ہیں۔ طلبا کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ہلاک کیا، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا ہے۔ ایک کیڈٹ نے کہا کہ میرا نام انس ہے، میں کیڈٹ کالج وانا کا طالب علم ہوں، کیڈٹ کالج پر جو حملہ ہوا اس میں پاک آرمی نے بہت قربانیاں دی ہیں۔  دوسرے طالب علم رومان خان نے کہا کہ میں کیڈٹ کالج دسویں جماعت کا طالب علم ہوں، ہماری فورسز کی بروقت کارروائی پر دہشت گرد مارے گئے اور ہم سب محفوظ ہیں۔ وانا کیڈٹ کالج کے طالب علموں نے پاکستان زندہ باد،  پاک فوج پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 350 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ تمام کیڈٹس محفوظ ہیں، آپریشن نہایت احتیاط اور حکمت عملی سے جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آئی جی فرنٹیئر کور کے پی ساؤتھ کیڈت کالج میں آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں، کالج میں اس وقت بھی 300 کے قریب افراد موجود ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔