ایف بی آر کی اہم کارروائی، ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر وسطی پنجاب میں دو شوگر ملیں سیل
اسلام آباد (ویب نیوز)
ایف بی آر نے ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر وسطی پنجاب میں دو شوگر ملز سیل کردیں۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وسطی پنجاب میں واقع دو شوگر ملز کو قانونی تقاضوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیل کر دیا ہے۔ یہ انفورسمنٹ کارروائی سیلز ٹیکس ایکٹ، 1990 کے سیکشن 40C (باب XIVـB اورباب XIVـBA، نیز سیلز ٹیکس قواعد، 2006 کے قاعدہ 150ZQZE کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے) کی خلاف ورزیوں کے بعد عمل میں لائی گئی، جن کے تحت شوگر سیکٹر کے لیے مانیٹرنگ، کنٹرول اور کمپلائنس کے لازمی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ اقدام ایف بی آر کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ بالخصوص ہائی رسک سیکٹرز میں سیلز ٹیکس قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مسلسل عدم کمپلائنس میں ملوث ٹیکس دہندگان کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں۔ ایف بی آر نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ تمام انفورسمنٹ اقدامات مکمل طور پر قانون کے مطابق، شفافیت اور مروجہ قانونی طریقہ کار کو یقینی بناتے ہوئے کیے جا رہے ہیں تاکہ سرکاری محاصل کا تحفظ کیا جا سکے اور قانون کی پابندی کرنے والے ٹیکس دہندگان کے لیے مساوی مسابقتی ماحول برقرار رکھا جا سکے۔ بورڈ نے رضاکارانہ کمپلائنس کی حوصلہ افزائی کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے جبکہ جان بوجھ کر عدم کمپلائنس اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت انفورسمنٹ کارروائیاں جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔





