
اسلام آباد ( ما نیٹرنگ ڈیسک )
پاکستان کی سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت میں توسیع کی درخواست کردی، تیل کی سہولت مارچ 2026 میں ختم ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت ایک سال مزید بڑھانے کی درخواست کردی۔ ذرائع نے بتایا حکومت کی درخواست پر پاکستانی معاشی ٹیم اور سعودی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ طے شدہ معاہدے کے تحت مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت مارچ 2026 میں ختم ہو جائے گی۔ رواں ماہ تک اس سہولت کے تحت 1.2 ارب ڈالر کا معاہدہ اپنی مدت مکمل کر لے گا اور مارچ 2026 سے پاکستان معاہدے کے تحت قرض کی واپسی کا پابند ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اگر معاہدے کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دو سال کر دی جائے تو پاکستان کے لیے تیل کی ادھار رقم کی واپسی آسان ہو جائے گی اور بیلنس آف پیمنٹ پر دباؤ کم ہو گا۔ اس سہولت کا مقصد ادھار تیل کے ذریعے بیرونی ادائیگیوں کے پریشر میں کمی لانا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دوبارہ معاہدہ طے پانے کی صورت میں یہ سہولت فروری 2027 تک جاری رہ سکتی ہے۔





