اسلام آباد: امام بارگاہ کے باہر خودکش دھماکا، 31 افراد شہید، 169 زخمی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں امام بارگاہ پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پرافسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کر کے واقعہ کی تحقیقات کرکے فوری طور پر ذمہ داران کے تعین کی ہدایت کی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ دھماکے کے ذمےداران کو تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ملک میں شرپسندی اور بے امنی پھیلانے کی ہرگزکسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیرصحت کو معاملے کی نگرانی کا حکم دیا ہے۔




