این آر اومیرا سبجیکٹ نہیں ہے، بھارت خود کو مظلوم دکھا کر دہشتگردی کراتا ہے، بھارت نے دہشتگردی کرانے کیلئے اپنا دفاعی بجٹ 3گنا بڑھایا،دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے.پریس کا نفرنس
پی ٹی آئی قیادت نے بانی کے علاج پر اطمینان کا اظہار کیا، پھر بھی پراپیگنڈا کیا گیا: محسن نقوی

محسن نقوی نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھا، ہم پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں تھے، ہم نے کلیئر کیا تھا کہ کوئی بھی قیدی ہو آئین وقانون کے مطابق علاج دیں گے، ہم نے کہا تھا ایک اپنے ڈاکٹر کا نام بھی دے دیں، پی ٹی آئی نے کہا ڈاکٹر نہیں خاندان کا ایک فرد کارروائی میں ڈال لیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں چیزیں ہوگئیں تو کہا گیا بانی کو ایک ہفتے کیلئے ہسپتال منتقل کرادیں، ہم نے کہا ڈاکٹرز کی ہدایات پر بانی کو دوہفتے کیلئے بھی اسپتال منتقل کردیں گے، آئی اسپیشلسٹ نے ساڑھے3بجے بانی کاچیک اپ کیا، ہم نے سرکاری اورپرائیویٹ بہترین ڈاکٹروں کا انتخاب کیا، ان کےسیاسی رہنماؤں نے کہا ہم بانی کے علاج ومعالجے سے مطمئن ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان کی وجہ سے 3دن میڈیکل چیک اپ نہیں ہوسکا، بانی کی صحت پر بھرپورسیاست کی گئی ہے، ان کی نیت ٹھیک ہوتی تو پہلے دن ہی مان جاتے، ان کے سارے لیڈرز آن بورڈ ہوتے تھے لیکن علیمہ خان منع کردیتی تھیں، یہ اس مسئلے کو کیش کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی کی آنکھ میں انجکشن لگنا تھا سب کا مشورہ تھا کہ ہسپتال لے جائیں، ہم نے حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسپتال لے جاکرانجکشن لگوایا، ہمارے پاس ہزاروں قیدی ہیں، کیا باقی تمام قیدیوں کو یہ سہولیات ملی ہوئی ہیں؟ میں تو چاہتا ہوں صحافیوں کو جیل میں ان کومیسرسہولیات دکھاؤں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس طرح کا تماشہ بناکر لوگوں کو گمراہ کرنا غیر مناسب اورزیادتی ہے، سیاسی انتقام کرنا ہو تو سب سے پہلے جیل مینول تبدیل ہوتے ہیں، بانی کو جیل میں بہت زیادہ سہولیات میسر ہیں، گزشتہ چند دنوں سے جو ہورہا ہے اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کچھ دیر پہلے عدالت کا فیصلہ آیا، ہدایات ملی ہیں کہ امن وامان بحال اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے، ہم کورٹ کے فیصلے کو یقینی بنائیں گے، کوشش کی گئی کہ اسلام آباد ریڈزون بلاک کیا جائے، ہم نے تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھالا، آپ کو احتجاج یا دھاوابولنے کا شوق ہے توخود دیکھ لیجیئے گا کہ کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ روز ملک میں خرابی پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، کچھ لوگ صرف اپنی سیاست کے بارے فکر مند ہیں، کسی بھی مسئلے کا حل بات چیت سے ہوتا ہے، آپ کی مرضی سے بانی کو اسپتال منتقل نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سب کے سامنے ہے، خیبرپختونخوا میں ہر روزکوئی نہ کوئی دہشتگردی کاواقعہ ہورہا ہے، پی ٹی آئی کے ورکرکو بھی سوچنا چاہئے، ورکرز کو سوچنا چاہیے کون لوگ سب چیزیں ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ روزروزکا تماشہ مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ این آر اومیرا سبجیکٹ نہیں ہے، بھارت خود کو مظلوم دکھا کر دہشتگردی کراتا ہے، بھارت نے دہشتگردی کرانے کیلئے اپنا دفاعی بجٹ 3گنا بڑھایا، دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، دنیا کو ماننا ہوگا کہ دہشتگردی کہاں سے ہورہی ہے، دہشتگردی ہاتھ سے نکل گئی تو پوری دنیا متاثر ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جو باتیں میں کہہ رہا ہوں، وزیراعظم نے بھی یہ باتیں کی تھیں، علی امین گنڈاپور نے جو گفتگو کی اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کی خوراک میں کوئی کمی نہیں۔