پاکستانی سائبرفورس کا بھارت پرجوابی حملہ! بھارتی چینل پر ‘پاکستان ہمیشہ زندہ باد’ کے نعرے چلنے لگے
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سائبر فورس نے بھارت کے خلاف ڈیجیٹل محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے معروف بھارتی نیوز چینل ‘اے بی پی نیوز’ کو ہیک کر لیا۔
ہیکنگ کے دوران بھارتی ٹی وی کی اسکرین پر کئی منٹوں تک پاکستان کی حمایت میں نعرے اور ویڈیوز چلتی رہیں۔
بھارتی چینل کی لائیو نشریات کو ہیک کرنے کے بعد اسکرین پر بڑے حروف میں "پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے نعرے چلنے لگے، جسے دیکھ کر بھارتی میڈیا انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔
ہیکنگ کے دوران چینل پر پاکستانی فوج سے متعلق خصوصی مواد اور ویڈیوز نشر کی گئیں، جس نے بھارتی ناظرین کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا۔
پاکستانی سائبر فورس نے بھارتی چینل پر پاکستان کے سپہ سالار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خطاب کے اہم اقتباسات بھی نشر کیے، خطاب میں دیے گئے سخت پیغامات بھارتی اسکرین کی زینت بنے رہے۔
اس اچانک سائبر حملے کے بعد بھارتی چینل کی نشریات میں شدید خلل پڑا اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز وائرل ہو گئیں۔
گزشتہ روز پاکستان کے ایک سے زائد نیوز چینلز کی نشریات ہیک کر کے موساد کی حمایت میں پیغام چلائے گئے تھے۔
کئی پاکستانی نیوز ویب سائٹس سمیت انیس ملکوں میں گوگل اشتہارات سے پرو موساد مہم چلائی گئی، وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سائبر حملوں پر تحقیقات جاری ہیں، معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔





