راولپنڈی (ویب ڈیسک)
جنرل قمر جاوید باجوہ کا جہلم کے قریب فیلڈفائرنگ رینج کا دورہ،چینی ساختہ جدید ترین ٹینک وی ٹی 4 کے جنگی مہارت کا مشاہدہ کیا
آرمی چیف نے جدید جنگی چیلنجز سے متعلق جوانوں کی اعلی تربیت کے معیار کو بھی سراہا،ڈی جی آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کو درپیش خطرات سے آگاہ ہے ہم اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز کامنہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں ،ان خیالا ت کا اظہار آرمی چیف نے جہلم کے قریب فیلڈفائرنگ رینج کے دوران کیا ڈی جی آئی ایس پی کی ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فیئلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ جدید ترین ٹینک وی ٹی 4 کے جنگی مہارت کا مشاہدہ کیا اورٹینک کی جنگی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کی طرف پوری طرح توجہ مرکوز ہے، پاکستان کی سلامتی،خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا موثرجواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورآپریشنل تیاریوں کوسراہا، جدید جنگی چیلنجزسے متعلق جوانوں کی اعلی تربیت کے معیارکوبھی سراہا۔ تر جمان پاک فوج کے مطابق وی ٹی فورکی پروٹیکشن اورفائرنگ کی صلاحیت کاکوئی ثانی نہیں۔ وی ٹی فورکاموزانہ کسی بھی جدیدترین ٹینک کیساتھ کیا جا سکتا ہے۔ وی ٹی 4 ٹینک کے اضافے سے آرمرڈکورکی صلاحیت میں اضافہ ہو گیا ہے، جدید ٹینکوں کی شمولیت سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہوئی ہے۔