داتا گنج بخش کا977 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات شایان شان طریقہ سے منائی جائیں گیـسید سعید الحسن شاہ
عرس کے دورا ن پولیس ،قومی رضاکار اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران اپنے فرائض انجام دیں گے
سکیورٹی انتظامات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لاتے ہوئے ڈ رون کیمروں کا استعمال عمل میں لایا جائے
ملکی و غیر ملکی زائرین کے لئے لنگر میں حصہ ڈالنے کے لئے خصوصی سیل کا قیام،چو بیس گھنٹے کام سر انجام دے گاـصوبائی وزیر اوقاف
لاہور (ویب ڈیسک )صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے آج ایگزیکٹیو بلاک میں نئے اور جدید طرز پر تعمیر کئے جانے والے کمیٹی روم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سید علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش کا977 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام محکمہ جات عرس سے قبل تفویظ کئے گئے فرائض کو مکمل کر کے محکمہ اوقاف کو مطلع کریں۔ اجلاس میںسیکر ٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد ا حمد، ڈائریکٹر جنر ل سید طاہر رضا بخاری ،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار خالد محمود سندھو، دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اوقاف نے کہا کہ عرس کی تقریبات کے د وران سکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے پولیس اہلکاران،قومی رضاکاران اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ا ہلکاران فرائض انجام دیں گے۔سکیورٹی کے لئے قرب و جوارا ور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھایا جائے گا جبکہ اس پورے عمل کی تینوں دن سیف سٹی کے ذریعے بھی باقاعدگی سے نگرانی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لاتے ہوئے ڈ رون کیمروں کا استعمال عمل میںلایا جائے۔ملکی و غیر ملکی زائرین کے لئے لنگر میں حصہ ڈالنے کے لئے خصوصی سیل کا قیام،چو بیس گھنٹے کام سر انجام دے گا۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے لئے گرد وجوا ر میں واقع مقامات کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ لنگر اور دودھ کی سبیل کے لئے بھی دربار کے قرب و جوار میں پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ سکیورٹی کی بہتری کے لئے زائرین کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جائے گا۔ زائرین کو کسی بھی قسم کی فوری طبی امدار کی فراہمی کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عرس کے دنوں میں لنگر اور دودھ کے معیار کے سختی سے چیکنگ کی جائے گی اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی کو پابند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے افسران عرس کے دنوں کے لئے اپنے اپنے فوکل پرسن کی تعیناتی اور ان کی مکمل معلومات فراہم کریں تاکہ ایک معلوماتی ڈائریکٹری مکمل کرکے آپس میں روابط بہتر بنائے جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ دربار اور اس کے قرب و اطراف کو برقی قمقموں ،محرابوں اور دیگر سامان سے خوبصورت تزئین و آرائش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران کسی بھی محکمہ کی طرف سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔