پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی بڑھتی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اہم فیصلے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب نے کورونا کے انسداد کے لئے اہم اقدامات کی منظوری دی۔
وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انسداد کورونا کابینہ کمیٹی نے صوبے میں وبا کی صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کی منظوری دی۔ صوبے میں کورونا کے کیسز کی بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کی وجہ سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کو مائیکرو سے بڑھا کر محلہ اور سوسائٹی لیول تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ جس مارکیٹ، بازار، آفس، شادی ہال میں ماسک کی پابندی نہیں کی جائے گی، اسے بند کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ حالیہ ہلاکتوں سے اس موذی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 839 تک جا پہنچی جبکہ 3 لاکھ 18 ہزار 881 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9 اموات ہوئیں۔ جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 6 ہزار 977 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 650 نئے مریض سامنے آئے۔ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 44 ہزار 839 تک جا پہنچی۔ این سی او سی کے مطابق 972 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 3 لاکھ 17 ہزار 898 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں 1 لاکھ 50 ہزار 169، خیبرپختونخوا 40 ہزار657، پنجاب میں 1لاکھ 6 ہزار 922، اسلام آباد 21 ہزار 861، بلوچستان میں 16 ہزار 106 اور آزاد کشمیر میں 4 ہزار 758 مریض ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 4 ہزار366ہو گئی ہے۔
این سی اوسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 33 ہزار 340 جبکہ ملک بھر میں 47 لاکھ 9 ہزار 603 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں