مولانا فضل الرحمن نے یوسف رضا گیلانی کی سینٹ انتخاب میں حمایت کردی
اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوارہونگے
کامیابی پر چئیرمین سینیٹ کے امیدوار بھی ہوسکتے
اسلام آباد(ویب نیوز)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی سینٹ انتخاب میں متفقہ امیدوارکے لئے حمایت کردی ان کا نام اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر تجویز کیا گیا ہے انتخاب جیتنے پر وہ ممکنہ طور پر پی ڈی ایم کے چئیرمین سینیٹ کے امیدوار ہوسکتے ۔جمعہ کوپی ڈی ایم کے سربراہ کے ترجمان کی جانب سے ایک ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمن سے جب پوچھا گیا کہ کیا یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق ہوا ہے تو سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یہ تو کوئی اختلاف والی بات نہیں ہے اگر وہ متفقہ امیدوار ہوتے ہیں تو ہماری جماعت کی مکمل حمایت حاصل ہو گی۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جس میں یوسف رضاگیلانی اور فرحت اللہ بابر کے ناموں کو اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوارہونے کا دعوی کیا گیا ہے ۔سندھ سے پی پی پی کے امیدواروں میں جام مہتاب ڈاہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمن، شہادت اعوان، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ شامل ہیں۔سندھ سے خواتین کی نشستوں پر پلوشہ خان، خیرالنسا مغل اور رخسانہ شاہ کورنگ کے طور پر پی پی پی کی امیدوار ہوں گی۔پی پی پی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ایک ایک امیدوار کو میدان میں لانے کا اعلان کیا ہے۔پنجاب سے جنرل نشست کے لیے عظیم الحق منہاس پی پی پی کے امیدوار ہوں گے جبکہ اعلامیے کے مطابق فرحت اللہ بابر خیبر پختونخوا سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔پی پی پی کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔