کسانوں کی ترقی کے ڈیری فنانسنگ پراجیکٹ کے لئے دی بینک آف پنجاب اور حلیب فوڈز ایک ساتھ
لاہور( ویب نیوز )
حلیب فوڈز لمیٹڈ (HFL) اور بینک آ ف پنجاب (BOP)کے درمیان حلیب فوڈز لمیٹڈ سے وابستہ ڈیری فارمرز کو آسان فنانسنگ کی فراہمی کے لئے شراکت کا آ غاز ہوا۔ یہ قدم ڈیری فارمرز کو بی اوپی سے نرم شرائط اور کم مارک اپ ریٹس پر آسان اور باسہولت فنانسنگ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ایسے تمام قرضے ڈیری فارمرز کے ڈیری فارمنگ کے کاروبار کو وسعت دینے اور اس میں جدت لانے کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔
اس معاہدے پر دستخط کی تقریب حلیب فوڈز لمیٹڈ ہیڈ آفس، لاہور میں منعقد ہوئی اور اس تقریب میں جناب ظفر مسعود (صدر،بینک آف پنجاب) اور سید مظہر اقبال، (سی ای او حلیب فوڈز) نے دونوں اداروں کی سنیئر مینجمنٹ، پنجاب بھر سے آ ئے ہوئے ڈیری فارمرز اور میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جانب ظفر مسعود (صدر بینک آف پنجاب) نے کہا،”ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس معاہدے کا حصہ بنے اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارا یہ قدم پاکستان کے زرعی لینڈ سکیپ کو تبدیل کردے گا کیونکہ اس کے ساتھ ڈیری فارمرزکو منظم مالی شمولیت ملے گی اور ڈیری فارمنگ کے کاروبار میں بہتری آ ئے گی۔ چھوٹے کسانوں کی بہتری اور ان کی مالی شمولیت کو ترجیح دینا ہی زراعت کے شعبے کو بدلنے کی کلید ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی ترقی ملے گی۔بی او پی وفاقی حکومت کی پرائم منسٹر کامیاب جوان سکیم اور صوبائی حکومت کی پنجاب روزگار سکیم (PRS)کے تحت بھی مالی امداد فراہم کرے گا جس سے اپنے کاروبار کے ذریعے معاشی طور پر نوجوانوں کو خودمختار بنانے کا حکومت کا عزم پورا ہو گا۔“
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مظہر اقبال (سی ای او حلیب فوڈز)نے کہا، ”حلیب فوڈز کا عزم وسیع پیمانے پر اپنے وطن اور اپنے ہم وطنوں کی معاشی ترقی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم عوامی فائدے کے لئے کئے جانے والے اس عمل کا حصہ بنے اور ہمیں یقین ہے کہ اس قدم سے نئے اور چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والے ڈیری فارمرز کو بہت مدد ملے گی۔ بی او پی پرائم منسٹر کامیاب جوان سکیم اور پنجاب روزگار سکیم میں وسعت لا کر حلیب فوڈز لمیٹڈ سے وابستہ چھوٹے ڈیری فارمرز کو آسان فنانسنگ کی سہولت دے گا۔ہمیں پختہ یقین ہے کہ یہ قدم پاکستان میں زراعت کے شعبے میں مثبت تبدیلی لائے گا۔“