راولپنڈی (ویب ڈیسک)
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے جوانوں اور افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور کور کا دورہ کیا، جہاں انھیں فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ مشقوں کا بھی معائنہ کیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف نے فارمیشن کی تربیت کے اعلیٰ معیار اور پیشہ وارانہ صلاحیت کو سراہتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیت اور تربیت ہر چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔ بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی خود کو تیار رکھا جائے۔