کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا بھی امکان
اسلام آباد ( ویب ڈیسک)
حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ اہم ترین فیصلہ اپنے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا۔ ذرائع کے مطابق نئے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر ہونگے، وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کا عہدہ چھوڑنیکی ہدایت کردی ہے جبکہ کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی رہنماوں کے اجلاس میں شبلی فراز، معید یوسف، زلفی بخاری، ملک امین اسلم اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں عالمی سطح پر ملکی بیانیہ مضبوط بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔اس کے علاوہ ملکی اور قومی معاملات سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی ،ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ پیر کو اپنے دفتر بھی نہیں آئے جب کہ ان کو ہٹانیکا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیا جائیگا۔خیال رہے کہ عندیہ دیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں تبدیلیاں کریں گے۔ وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر کابینہ میں ردوبدل کریں گے۔ بعض وزرا کو دوبارہ قلمدان سونپے جائیں گے۔ کابینہ میں تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہیں۔