ماسکو (ویب ڈیسک)
روس بین الاقوامی ایشوز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔ اس امر کا اعلان روسی ایوان صدر(کریملن) کے ترجمان دیمتری بیسکوف نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کے دوران سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ روس، ریاض کے ساتھ نئے مکالمے کا عزم رکھتا ہے۔ بین الاقوامی مسائل اور امور پر مشترکہ تصورات کو مد نظر رکھا جائے گا۔روسی ایوان صدر کے ترجمان نے کہا کہ ماسکو مساوات اور ممالک کے اندرونی امور میں عدم مداخلت کے اصولوں سے متعلق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹی وی انٹرویو کی تائید کرتا ہے۔ روسی ترجمان نے ولی عہد کے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے اس بیان نے ہماری توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ سعودی عرب عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کا پابند ہے۔ ان کا یہ کہنا کہ بین الاقوامی تعلقات، مساوات، باہمی احترام، قومی مفادات کی منصفانہ پاسداری اور ایک دوسرے کے داخلی امور میں عدم مداخلت پر قائم ہوں۔ ہم ان باتوں کی پوری طرح سے تائید و حمایت کرتے ہیں۔روسی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ان دنوں دنیا بھر میں جو کچھ ہورہا ہے ہم دیکھ رہے ہیں کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ ایسے ماحول میں سعودی ولی عہد کا بیان منفرد ہے۔ترجمان کا کہنا تھا سعودی ولی عہد نے اپنے انٹرویو میں جس موقف کا اظہار کیا ہے وہ بین الاقوامی سیاست میں دونوں ملکوں کے درمیان قدر مشترک کا پتہ دے رہا ہے۔ روس سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات مزید بہتر بنانے کا عزم رکھتا ہے۔روسی ترجمان نے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن ان تمام اصولوں کے حامی ہیں اور پوری طرح سے سعودی ولی عہد کے موقف سے مطمئن ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں.