اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی ڈی اے رواں مالی سال میں 73 ارب روپے سرپلس میں جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے سی ڈی اے ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان بدل رہا ہے، تقریبا دیوالیہ ہونے والے ادارے سی ڈی اے کا 2017 میں 5.8 ارب روپے کا خسارہ تھا، سی ڈی اے رواں مالی سال میں 73 ارب روپے سرپلس میں جائے گا، سی ڈی اے کے اکاونٹس میں 26 ارب روپے پہلے سے ہی موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر میں تبدیل کیا جائے، ہماری ترجیح اسلام آباد میں اصلاحات اور شہر کی تنظیم نو پرہوگی، ہمارے بڑے شہر عزم اور شفافیت کے ذریعے خود انحصار بن کر ترقی کے انجن بھی بن سکتے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نے سی ڈی اے میں اصلاحات کے لیے چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کو خصوصی ٹاسک سونپا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے شہر کی تنظیم نوکے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا، وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کے ہمراہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں کے دورے بھی کیے۔ وزیراعظم نے سی ڈی اے کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کی تعریف بھی کی۔