پشاور (ویب ڈیسک)
صوبائی حکومت نے عید الاضحی پر سیاحوں کی آمد کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سیاحتی مقامات پر 27لاکھ سے زائد افراد کی آمد سے 66ارب روپے کا کاروبار ہوا۔یہ رپورٹ محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ سیاحتی علاقوں میں صرف چار روز کے اندر مجموعی طور پر 27لاکھ 70ہزارسیاحوں کی آمد ہوئی۔رپورٹ کے مطابق سیاحت سے مقامی معیشت کو بھی 27ارب سے زائد کا فائدہ ہوا۔ عید کے دوران دس لاکھ 50سے زائد سیاحوں نے سوات، دس لاکھ نے گلیات اور کمراٹ میں ایک لاکھ 20ہزار سیاحوں نے رخ کیا۔ وادی کاغان میں سات لاکھ سے زائد جبکہ چترال 50 ہزار سیاحوں کی آمد ہوئی۔عید کے دنوں میں صوبے کے بالائی علاقوں میں سیاحوں کی آمد سے مقامی لوگوں کے روزگار وآمدن میں بھی اضافہ ہوا جبکہ لاکھوں کی تعداد میں سیاح اب بھی صوبے کے سیاحتی مقامات میں سیر وتفریح کر رہے ہیں۔