کراچی (ویب ڈیسک)
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے صوبائی وزیر مکیش کمار چائولہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر جنرلز منیر احمد زرداری اور حاجی سلیم بھٹو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رواں مالی سال کی ماہ ستمبر تک ٹیکس وصولی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں جولائی2021 سے ستمبر 2021تک مجموعی طور پر 29275.804 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 21021.149 ملین روپے وصول کئے گئے تھے۔ بریفننگ میں مزید بتایا گیا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 2649.608 ملین روپے، انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 24365.164 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 27.725 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جائیداد ٹیکس کی مد میں 671.880 ملین روپے ، کاٹن فیس کی مد میں 24.156 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 5.356 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی آمور و خوراک مکیش کمار چالہ نے کہا کہ ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ جائیداد ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس کی وصولی میں مذید محنت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے انجام دیں۔ مکیش کمار چالہ نے ٹیکس نادہندہ گان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکسز فوری طور پر جمع کروائیں بصورت دیگر ادارہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرسکتا ہے۔