پی ٹی سی ایل گروپ نے7فیصد ریونیو اور136فیصد منافع کے ساتھ مستحکم مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا
اسلام آباد (ویب نیوز )
ملک کے صف اول کے ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارہ، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے والی مضبوط کاروباری حکمت عملی کی بدولت اپنے ریونیو میں 7.3فیصد قابل ذکر اضافے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے 18 اکتوبر 2021 کو اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ اجلاس میں 30 ستمبر 2021 کو اختتام پذیر ہونے والی نوماہی مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ:
•پی ٹی سی ایل گروپ نے سال 2021 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران102.4ارب کا ریونیو حاصل کیا جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 7فیصد زائد ہے۔
•یو بینک نے اپنی ترقی کی رفتار جاری رکھنے کے ساتھ آمدن میں 23فیصد اضافہ کیا۔
•پی ٹی ایم ایل (یوفون) کے ریونیو میں مارکیٹ میں سخت مسابقت کے باوجود 4.6فیصد اضافہ ہوا۔
•پی ٹی سی ایل گروپ نے مضبوط مالیاتی اور آپریشنل کارکردگی پیش کی اور گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 1.6ارب روپے کے مقابلے میں 3.7ارب کا خالص منافع حاصل کیا۔
پی ٹی سی ایل:
•پی ٹی سی ایل کی آمدن ان نو ماہ کے دوران 57.3ارب رہی جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 7.3فیصد زائد رہی جس کی بڑی وجہ براڈ بینڈ اور کارپوریٹ اینڈ ہول سیل بزنس کے شعبوں میں اضافہ ہے۔
•کمپنی نے3.7ارب روپے آپریٹنگ منافع کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 44.3فیصد زائد ہے۔
•گزشتہ سال کے مقابلے میں خالص منافع 39.2فیصد کے اضافے سے5.7ارب روپے ہوگیا۔
کمپنی اپنے موجودہ انفراسٹرکچر اور نیٹ ورک کو اپ گریڈ کررہی ہے، اس کے ساتھ ملک بھر میں فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ)میں وسعت لاکر بڑے پیمانے پر صارفین کو بلاتعطل کنکٹویٹی اور بہترین سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔ ایف ٹی ٹی ایچ کی تیزرفتاری سے تنصیب اور کارپوریٹ و ہول سیل شعبوں میں مستحکم کارکردگی پی ٹی سی ایل کی ترقی کا گراں قدر باب ہے اور اس کے ساتھ آپٹمائزیشن پروگرام کی بدولت کمپنی کے منافع میں نمایاں اضافہ ہوا۔
پی ٹی سی ایل کنزیومر بزنس: مستحکم ترقی و کارکردگی
پی ٹی سی ایل کے کنزیومر بزنس کی کارکردگی میں لگاتار پانچویں سہ ماہی کے دوران مسلسل اضافہ ہوا۔ سال 2021 کے 9 ماہ کے دوران کمپنی کا فکسڈ براڈ بینڈ بزنس گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 12.7فیصد بڑھا جبکہ پی ٹی سی ایل آئی پی ٹی وی سیگمنٹ میں 13.5فیصد اضافہ ہوا۔ براڈ بینڈ بزنس کے اندر پی ٹی سی ایل کا بنیادی فلیش فائبر، فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) سروس میں 57.5فیصد کا بڑا اضافہ ہوا۔ جبکہ پی ٹی سی ایل چار جی / وائرلیس براڈ بینڈ سیگمنٹ میں 17.8اضافہ ہوا۔ وائس ٹریفک میں کمی کی وجہ سے وائس ریونیو میں کمی آئی اور اوور دی ٹاپ)او ٹی ٹی (خدمات کی جانب صارفین کی منتقلی جاری رہی۔
بزنس سروسز: ترقی کی مستحکم رفتار
بزنس سروسزکے باعث مستحکم ترقی جاری رکھتے ہوئے آئی پی بینڈ وتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر اور دیگر آئی سی ٹی خدمات کے شعبوں میں اسکی مارکیٹ پوزیشن برقرار رہی۔پی ٹی سی ایل کا کارپوریٹ بزنس گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 12.9فیصد بڑھا جبکہ کیرئیر اور ہول سیل بزنس میں مسلسل ترقی کا سفر جاری رہا اور مجموعی طور پر ریونیو میں 10.3فیصد اضافہ ہوا۔ ملکی اور بین الاقوامی وائس ریونیو میں کمی کا رجحان رہا۔
پاکستان میں قومی ٹیلی کام کیرئیر اور کنکٹویٹی میں بنیادی اہمیت کا حامل پی ٹی سی ایل گروپ ملک میں تیزرفتار ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور صارفین کو پہلے سے بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔اس سے ‘ڈیجیٹل پاکستان’ کے لئے ترقی کی رفتار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
پی ٹی ایم ایل۔ یوفون: ایک نئے دور کا آغاز
وائرلیس پورٹ فولیو میں پی ٹی ایم ایل (یوفون) نے ستمبر 2021 میں این جی ایم ایس (NGMS)اسپیکٹرم کی نیلامی میں 1800 میگا ہرٹز کے بینڈ میں اضافی 9 میگا ہرٹز کا 4Gاسپیکٹرم حاصل کیا تاکہ پاکستان بھر میں اپنی معیاری خدمات کے ذریعے صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی کے عزم کی تکمیل کی جائے۔ یہ اضافی اسپیکٹرم صارفین میں وائرلیس ڈیٹا پروڈکٹس کی بڑھتی طلب پوری کرے گا اور اسکے ساتھ ساتھ جدت انگیز پروڈکٹس اور خدمات فراہم کرے گا۔
4Gاسپیکٹرم کی خریداری کے بعد یوفون اپنے نیٹ ورک کو مکمل طور پر جدید بنانے اور پاکستان بھر میں اپنی کوریج مزید بڑھانے کے عزم پر کوشاں ہے۔ صارفین کے لئے ڈیٹا کے استعمال میں قابل ذکر بہتری کے ساتھ نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن اور ٹیکنالوجی میں جدت کے ذریعے فائدہ پہنچانا شروع ہوگیا ہے۔
پاکستان میں 4Gاسپیکٹرم کے حصول کے ساتھ ساتھ یوفون نے آزاد جموں و کشمیر / گلگت بلتستان میں مزید اسپیکٹرم حاصل کیا تاکہ موجودہ خدمات میں وسعت لائی جاسکے۔ اس طرح آزاد جموں و کشمیر / گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر کے صارفین کو معیاری ڈیٹا خدمات فراہم کرنے کے کمپنی کے عزم کی توثیق ہوتی ہے۔