لاہور (ویب نیوز)
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعدحسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرینٹنڈنٹ اعجاز اصغر نے سعد رضوی کی رہائی کی تصدیق کردی۔حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی ختم کرکے انہیں رہا کردیا ہے۔ ان کی رہائی کوٹ لکھپت جیل سے عمل میں آئی ہے۔ٹی ایل پی کے ترجمان ابن اسمعیل نے ان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعد رضوی ٹی ایل پی کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین پہنچ کر کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔یاد رہے کہ 12 اپریل کو سعد رضوی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ سعد رضوی کو ڈی سی کے حکم پر نظربند کیا گیا تھا۔نظربندی کے دوران سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں بھی شامل کرلیا گیا تھا،ان کی گرفتاری کے بعد جس پر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس نے بعدازاں پر تشدد صورت اختیار کرلی تھی،قبل ازیں حکومت پنجاب نے گزشتہ ہفتے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا تھا۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ حافظ محمد سعد ولد خادم حسین کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا تھا کہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی)کی سفارش پر ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔علاوہ ازیں صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت پنجاب نے مزید 487 افراد کینام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیے ہیں۔انہوں نے بتایا تھا کہ اس سے قبل بھی ٹی ایل پی کے 90 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے گئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 577 ہوگئی ہے۔یاد رہے کہ 12 اپریل کو سعد رضوی کو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سے گرفتار کرلیا گیا تھا.