کراچی  (ویب ڈیسک)

پاکستان پیپلزپارٹی کے سندھ کے صدر نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی خالی سینیٹ کی نشست پر سندھ اسمبلی میں پولنگ ہوئی جس میں ارکان اسمبلی نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے سندھ کے صدر نثار کھوڑو سندھ سے سینیٹر منتخب ہوگئے،سینیٹ کی ایک خالی نشست پر پولنگ کا وقت صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا گیا تھا۔سینیٹ کی خالی نشست پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اور تحریک انصاف کے آغا ارسلان کے علاوہ 2 آزاد امید وار عاجز دھامرا اور گل محمد جاکھرانی مدمقابل تھے، دونوں آزاد امیدواروں کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جب کہ تحریک انصاف کے کورنگ امیدوار علی احمد پلھ الیکشن سے دستبردار ہوگئے تھے۔تحریک انصاف متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) اور جے ڈی اے نے پولنگ میں حصہ نہیں لیا،تحریک انصاف کے بائیکاٹ کے باوجود تحریک انصاف کے 4 ارکان  نے پولنگ میں حصہ لیا، جن مین سے 2 نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا ہے۔،غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق نثار کھوڑو 99 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی کے احاطے میں اپنے ارکان کے لیے پہلے ناشتے اور پھر ظہرانے کا اہتمام کررکھا تھا۔واضح رہے کہ فیصل واوڈا 2021 مییں سندھ سے سینیٹ کی جنرل سیت پر کامیاب ہوئے تھے تاہم 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے ساتھ دہری شہریت کے معاملے پر جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے پر الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔