پی ٹی اے نے ڈاکٹر اسرار کا چینل بحال کرنے کے لیے یوٹیوب کو خط لکھ دیا

ڈاکٹر اسرار کے چینل پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز نفرت انگیز تقریر کیلئے نہیں بلکہ تعلیم کے مقصد کے لیے ہیں

ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کی یکطرفہ بندش آن لائن آزادی اظہار کی حدود کے بارے میں سوالات اٹھاتی ہے

یوٹیوب اپنے فیصلے پر نظرثانی کرکے ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کو ان بلاک کرے، پی ٹی اے

اسلام آباد( ویب  نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر اسرار کا یوٹیوب چینل بحال کرنے کے لیے یوٹیوب کو خط لکھ دیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر اسرار کے چینل پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز نفرت انگیز تقریر کیلئے نہیں بلکہ تعلیم کے مقصد کے لیے ہیں۔ پی ٹی اے نے یوٹیوب پر زور دیا کہ وہ ممتاز مسلم اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کو ان بلاک کرے۔ پی ٹی اے کے ایک عہدیدار کے مطابق پی ٹی اے نے باضابطہ طور پر یوٹیوب سے رابطہ کیا ہے اور نفرت انگیز تقریر کے الزام میں مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کو بلاک کرنے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ اتھارٹی نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کے لیے بھی کہا ہے۔ کہا گیا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کی یکطرفہ بندش آن لائن آزادی اظہار کی حدود کے بارے میں سوالات اٹھاتی ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یوٹیوب نے یہود مخالف تبصرے کرنے کے الزام میں اسلامی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے آفیشل ویب چینل کو معطل کردیا ۔ ڈاکٹر اسرار احمد کے چینل کے تقریبا 30 لاکھ سبسکرائبرز تھے اور ان کے لیکچرز کو بڑی تعداد میں سراہا جاتا تھا۔ اسلامی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمد کے چاہنے والے یوٹیوب کے اقدام پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ وہ اسلام کے عظیم اسکالر ہیں جنہوں نے کبھی تشدد کی تبلیغ نہیں کی اور اپنے پیروکاروں کو تعلیم حاصل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سیکھنے کی تلقین کی۔