اسلام آباد (ویب نیوز)
حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث تباہ کاریاں جاری ہیں، گزشتہ ایک روز میں مزید 12 افراد جاں بحق، ملک بھر میں 1355 افراد جاں بحق ہو چکے،سب سے زیادہ سندھ میں 542 ، خیبرپختونخوا میں 292 اور بلوچستان میں 263 اموات رپورٹ ہوئیں،12 ہزار 722 زخمی ہو گئے ملک بھر میں 81 اضلاع تاحال سیلاب سے متاثر ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں مزید 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ملک بھر میں 14 جون سے اب تک بارشوں کے باعث 1355 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 601 مرد 273 خواتین اور 481 بچے شامل ہیں رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کل 12 ہزار 722 افراد زخمی ہو چکے ہیں، سندھ زخمیوں میں سرفہرست ہے جہاں تعداد 8ہزار 3 سو 21 ہو گئی،پنجاب 3858 ، خیبرپختونخوا 361 جبکہ بلوچستان میں 166 افراد زخمی ہوئے، ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 5 لاکھ 64 ہزار 831 گھر مکمل تباہ ہوئے، اس دوران 7 لاکھ 53 ہزار 187 مویشیوں اور 6579 کلو میٹر سڑکوں کو نقصان ہوا۔