پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت متاثر ہو،غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی: پرویز الٰہی
لاہور (ویب نیوز)
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر منیب سلطان چیمہ اور پارلیمنٹرین عامر سلطان چیمہ نے ملاقات کی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منیب سلطان چیمہ اور عامر سلطان چیمہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فوری اقدامات پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے ویژن کو سراہا اور کہا کہ آپ سب سے پہلے سیلاب متاثرین کے پاس پہنچے۔ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے آپ کے اقدامات کو ہر سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے آپ نے دن رات کام کر رہے ہیں اور آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جامع اور بہترین پیکیج جامع دیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت متاثر ہوا ہے۔ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ غیر متوقع موسمیاتی صورتحال سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہوا، وہ کیا۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی ا مداد کی رقم 8لاکھ روپے سے بڑھاکر 10لاکھ روپے کر دی ہے۔تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔گرنے والے گھروں کے مالکان کیلئے مالی معاونت میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سے متاثرین سیلاب کی آبادکاری کریں گے۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی ترجیحی بنیادوں پر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔