ترسیل کا نظام مکمل بحال ہو گیا، متبادل پیداواری یونٹس سے رسد میں اضافہ کیا جارہا ہے،پاورڈویژن
لاہور (ویب نیوز)
ملک میں بڑے بریک ڈائون کی وجہ سے دوسرے روز بھی کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں، نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث آدھا ملک متاثر ہوا ہے، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر شہروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے۔نیشنل ٹرانسمیشن سسٹم میں فنی خرابی کے نتیجے میں طویل بریک ڈائون سے پنجاب سمیت ملک کے اکثر حصے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، لاہور میں 1100 میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، جنوبی پنجاب، بلوچستان،سندھ کے اکثر علاقوں میں 12 گھنٹے بعد سپلائی بحال ہو گئی۔ملک بھر میں بجلی بحران کو 24 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر گیا بجلی سپلائی معمول پر نہ آئی، گڈو تھرمل پلانٹ سے 500 کے وی ٹرانسمشن لائن میں خرابی دور نہ ہوئی، لیسکو کو 12 سے 15 سو میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔لاہور شہر بھر میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، اکثر علاقوں میں بجلی بندش دورانیہ مسلسل دو سے تین گھنٹے تک پہنچ گیا ۔پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق ترسیل کا نظام مکمل بحال ہو گیا، متبادل پیداواری یونٹس سے رسد میں اضافہ کیا جارہا ہے، جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔