شوٹنگ سائٹ ایموڈمپ کراچی سے تعلق رکھنے والے بزنس پارٹنر وقار اور جمشید خان کی ملکیت ہے
نیروبی (ویب نیوز)
پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل کے بعد امریکا نے کینیا میں شوٹنگ سائٹ ایموڈمپ سے 4 لاکھ ڈالرز کا تربیتی معاہدہ ختم کر دیا۔بااعتماد ذرائع نے یہ دعوی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شوٹنگ سائٹ کراچی سے تعلق رکھنے والے بزنس پارٹنر وقار اور جمشید خان کی ملکیت ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور ایموڈمپ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی و منشیات کے معاہدے تھے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سائٹ پر معاہدے کے تحت مقامی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بہتر بنانے اور انسدادِ بین الاقوامی کرائم و عدم استحکام کی تربیت دی جاتی تھی، انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے دیگر مختلف معاہدے بھی تھے۔ذرائع کے مطابق 23 اکتوبر کو ارشد شریف کے قتل والی رات کو اس شوٹنگ سائٹ پر تقریبا 10 امریکی انسٹرکٹرز موجود تھے۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ارشد شریف نے اپنی زندگی کی آخری شب ایموڈمپ پر کھانا کھایا تھا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کے علاوہ متعدد دیگر کمپنیوں نے بھی ایموڈمپ کے ساتھ معاہدے ختم کر دئیے ہیں۔واضح رہے کہ وقار احمد اور جمشید خان نے تقریبا 7 برس قبل ایموڈمپ رینج کا آغاز کیا تھا۔