اسلام آباد میں ایچ آئی وی پھیلنے کی شرح میں تشویشناک اضافہ
اسلام آباد میں 519 ایچ آئی وی پازیٹو کیس جنوری تا اکتوبر سامنے آئے ہیں
نئے کیسز میں زیادہ تر نوجوان ہم جنس پرست مرد اور خواجہ سرا ہیں،وفاقی وزارت صحت
بڑھتے مریضوں کے سبب پولی کلینک اسلام آباد میں نیا ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹر بنا رہے ہیں،حکام
کورونا کے دنوں سے ہم جنس پرست مردوں کے ایچ آئی وی میں مبتلا ہونا سامنے آ رہا ہے، ڈاکٹر نائلہ بشیر
اسلام آباد ( ویب نیوز)
دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی پھیلنے کی شرح تشویشناک حد تک بڑھنے لگی ہے۔وفاقی وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 519 ایچ آئی وی پازیٹو کیس جنوری تا اکتوبر سامنے آئے ہیں، نئے کیسز میں زیادہ تر نوجوان ہم جنس پرست مرد اور خواجہ سرا ہیں۔وفاقی حکام نے کہا کہ اسلام آباد میں کچھ برسوں سے نوجوان ہم جنس مردوں میں ایچ آئی وی تیزی سے پھیلا ہے، بڑھتے مریضوں کے سبب پولی کلینک اسلام آباد میں نیا ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹر بنا رہے ہیں۔انچارج پمز ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سینٹر کے مطابق پمز میں 4500 سے زائد ایچ آئی وی پازیٹو مریض رجسٹرڈ ہیں۔ڈاکٹر نائلہ بشیر کا کہنا ہے کہ کورونا کے دنوں سے ہم جنس پرست مردوں کے ایچ آئی وی میں مبتلا ہونا سامنے آ رہا ہے، مرد ہم جنس پرستوں میں منشیات کے سبب ایچ آئی وی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق ہمارے پاس اس سال اسلام آباد میں ایچ آئی وی کے 496 نئے کیس رجسٹر ہوئے، نوجوان افراد ٹیسٹ خود کرا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شرح بڑھتی نظر آ رہی ہے۔ ایڈز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔