پی ٹی آئی ممبران کے اسلام آباد پہنچے سے قبل ہی اسپیکر نے قومی اسمبلی کا جمعہ کو شیڈول اجلاس اچانک ملتوی کر دیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان پارلیمانی جنگ تیز ہو گئی، اس سلسلے میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے مزید استعفے بھی منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مزید 25 سے 30 استعفے منظور ہونے کا امکان۔ اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی دونوں جانب سے تند و تیز سیاسی بیانات کے دوران پارلیمانی میدان میں بھی جنگ شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ایک طرف پی ٹی آئی کی پارلیمانی نے ارکان قومی اسمبلی کو جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کردیے تو دوسری جانب سے مزید استعفے منظور کیے جانے پر غور کا عندیہ سامنے آ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جب کہ اس فیصلے کے پیش نظر اسپیکر نے قومی اسمبلی کا شیڈول اجلاس جمعہ کے بجائے ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے 35 استعفوں کی منظوری کے بعد باقی بچ جانے والے ارکان کی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ٹکٹیں بھی بک کروا لی گئی تھیں۔تازہ پیش رفت کے بعد پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس اب جمعہ یا ہفتے کو طلب ہونے کا قوی امکان ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان میں سے پارلیمانی لیڈر کے انتخاب، چیف وہپ سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جلد ہی قائد حزب اختلاف کا عہدہ لینے کے لیے باضابطہ درخواست دے گی۔ اس سلسلے میں اسد عمر کو بڑی ذمے داری سونپ دی گئی ہے۔ دوسری جانب اسپیکر آفس میں پی ٹی آئی کے دیگر ارکان کے استعفے منظور کرنے کے آپشن پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے باقی ارکان کے اسمبلی میں واپس جانے کے تناظر میں حکومت نے مزید استعفے منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔پاکستان تحریک انصاف اسمبلی میں آنے کی خواہشمند ہے تو حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موودمنٹ انہیں معاملات سے دور رکھنے کیلئے ڈٹ گئی، پی ٹی آئی کے مزید پچیس سے تیس اراکین کے استعفے منظور ہونے کا امکان ہے۔ قومی اسمبلی کے سیکرٹری طاہر حسین نے اسپیکر راجا پرویز اشرف سے ملاقات میں قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی کے ہوم ورک پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی نے ہوم ورک مکمل کرکے اسپیکر کو بھجوا دیا، اسپیکر کو پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنیکی ایڈوائس دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ بھی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہوا۔استعفے کب منظور کرنے ہیں، یہ اسپیکر کی صوابدید ہے، رواں ہفتے پی ٹی آئی کے 35 اراکین ڈی نوٹیفائی ہوچکے ہیں۔